محمودہ ویلفیئر ٹرسٹ کے تعاون سے ڈھوک سمش میں واٹر فلٹریشن پلانٹ نصب

دینہ: معروف سماجی تنظیم محمودہ ویلفیئر ٹرسٹ کے تعاون سے تحصیل دینہ کے علاقے ہون ہموالہ کی ڈھوک سمش میں صاف پانی کی فراہمی کے لیے واٹر فلٹریشن پلانٹ نصب کر دیا گیا۔
واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح محمد عیسیٰ عابد اور محمد اسرار عابد نے کیا۔ افتتاحی تقریب میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اس فلاحی اقدام کو سراہا۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ وہ طویل عرصے سے پینے کے صاف پانی کی نعمت سے محروم تھے اور بارشوں کے جمع شدہ پانی پر گزارہ کر رہے تھے، جو صحت کے لیے نقصان دہ تھا۔
محمودہ ویلفیئر ٹرسٹ کے رہنماؤں نے عوام کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس علاقے میں فلٹریشن پلانٹ نصب کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس منصوبے کے تحت پتھریلی زمین میں جدید ہیوی مشینری کی مدد سے تقریباً 350 فٹ گہرا بور کروایا گیا جو کہ انتہائی مشکل مرحلہ تھا۔
یہ فلٹریشن پلانٹ محمد عیسیٰ عابد اور محمد اسرار عابد نے اپنی نانی اماں کے ایصال ثواب کے لیے عطیہ کیا۔ اس موقع پر ڈھوک سمش کے مکینوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے محمودہ ویلفیئر ٹرسٹ اور عطیہ دینے والوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ منصوبہ ان کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔
علاقہ مکینوں نے دعا کی کہ دیگر فلاحی تنظیمیں بھی ایسے رفاہی کاموں میں حصہ لیں تاکہ بنیادی ضروریات زندگی عوام تک پہنچ سکیں۔



