جہلم میں قصابوں کی من مانی، سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی جاری

جہلم: رمضان المبارک کے آغاز پر ڈپٹی کمشنر جہلم کی جانب سے چھوٹے اور بڑے گوشت کے نرخ مقرر کیے جانے کے باوجود ضلع بھر میں قصابوں نے من مانے ریٹ پر گوشت فروخت کرنا شروع کر دیا ہے، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ڈپٹی کمشنر سید محمد میثم عباس نے بکرے کے گوشت کا سرکاری نرخ 1600 روپے فی کلو اور گائے کے گوشت کا 800 روپے فی کلو مقرر کیا تھا، تاہم قصابوں نے ان نرخوں پر گوشت فروخت کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
قصابوں کا مؤقف ہے کہ وہ مہنگے داموں جانور خریدتے ہیں، اس لیے انہیں گوشت بھی زیادہ قیمت پر فروخت کرنا پڑتا ہے۔
دوسری جانب شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور من مانی قیمتیں وصول کرنے والے قصابوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔
عوام کا کہنا ہے کہ گوشت کی فروخت کی روزانہ کی بنیاد پر نگرانی کے لیے خفیہ اداروں کو متحرک کیا جائے اور غیر معیاری، بیمار یا نیم مردہ جانور ذبح کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے تاکہ شہریوں کو صحت مند اور معیاری گوشت فراہم کیا جا سکے۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سے اپیل کی ہے کہ وہ خود اس معاملے کا نوٹس لیں اور قصابوں کی من مانی روکنے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام رمضان المبارک میں مناسب نرخوں پر معیاری گوشت خرید سکیں۔



