جہلم پولیس کا ضلع بھر میں سپیشل سرچ آپریشنز اور ناکہ بندی، 281 افراد کی چیکنگ

جہلم پولیس کی جانب سے ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی، دہشت گردی کے خاتمے اور اہم تنصیبات کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے خصوصی سرچ آپریشنز اور ناکہ بندی کی گئی۔
ان کارروائیوں کے دوران 11 مختلف مقامات پر سرچ آپریشنز کیے گئے، جن میں 281 افراد کی جانچ پڑتال کی گئی۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کے مطابق پولیس کی خصوصی ٹیموں نے سرچ آپریشنز کے دوران جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے شہریوں کی تصدیق پولیس ایپلی کیشن کے ذریعے کی۔ اس کے علاوہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر سپیشل ناکہ بندی کرکے مشتبہ افراد کی سخت چیکنگ کی گئی۔
ڈی پی او نے مزید کہا کہ ان سرچ آپریشنز کا بنیادی مقصد مجرمان اشتہاریوں، جرائم پیشہ عناصر اور سماج دشمن عناصر کی گرفتاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ مجرمانہ سرگرمی کو روکا جا سکے۔ پولیس کی ان کارروائیوں کا مقصد ناجائز اسلحہ اور منشیات کی برآمدگی کے ساتھ ساتھ شرپسند عناصر کو ان کے مذموم عزائم پر عمل پیرا ہونے سے روکنا بھی ہے۔
پولیس حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوراً پولیس کو دیں تاکہ امن و امان کی فضا برقرار رکھی جا سکے۔



