رمضان المبارک؛ جہلم میں گوشت کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، شہری پریشان


جہلم: رمضان المبارک کا آغاز ہوتے ہی مرغی کا گوشت فروخت کرنے والے دکانداروں نے سرکاری نرخنامے کو نظر انداز کرتے ہوئے برائلر گوشت 650 روپے فی کلو کی بجائے 750 گرام فروخت کرنا شروع کر دیا جبکہ ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے اس صورت حال پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔
جہلم شہر سمیت ملحقہ علاقوں میں چکن کی قیمت بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔ مرغی کا گوشت فروخت کرنے والے دکانداروں نے چکن کی قیمت 650 روپے فی کلو وصول کرنی شروع کر دی ہے جبکہ سرکاری ریٹ لسٹ میں اس کی قیمت 597 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ گوشت فروشوں نے مقررہ وزن کے مطابق گوشت فروخت کرنے کی بجائے 750 گرام دے کر صارفین کو نقصان پہنچانا شروع کر دیا ہے۔
دوسری جانب بکرے کے گوشت کی سرکاری قیمت 1600 روپے مقرر ہے مگر قصاب 2000 سے 2200 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کر رہے ہیں۔ اسی طرح گائے کا گوشت بھی 800 روپے فی کلو کی بجائے 1200 روپے فی کلو میں بیچا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے شہری سخت پریشان ہیں۔
شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق ہزار گرام گوشت فروخت کروایا جائے اور خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
شہریوں نے کمشنر راولپنڈی اور ڈپٹی کمشنر جہلم سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری ایکشن لیتے ہوئے زائد نرخ اور کم وزن میں گوشت فروخت کرنے والے دکانداروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائیں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔



