پنڈدادنخان میں موٹرسائیکل سوار ڈاکوؤں نے مسافر وین کو لوٹ لیا

پنڈدادنخان کے نواحی علاقہ میں موٹرسائیکل سوار ڈاکوؤں نے مسافر وین کو لوٹ لیا۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے تھانہ جلالپور شریف کی حدود میں ڈکیتی کی ایک اور واردات پیش آئی، جہاں موٹر سائیکل سوار مسلح ڈاکوؤں نے مسافر وین کو لوٹ لیا۔ واردات کے بعد شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور علاقے میں سکیورٹی کی صورتحال پر سوالات اٹھنے لگے۔

شاکر پور کے مقام پر دو موٹر سائیکل سوار مسلح ڈاکوؤں نے چک شادی سے جلالپور شریف آنے والی مسافر وین کو اسلحہ کے زور پر روک لیا۔ ڈاکوؤں نے گاڑی میں موجود مسافروں سے نقدی، موبائل فونز اور لاکھوں روپے مالیت کا قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔

عینی شاہدین کے مطابق واردات رات گئے اس وقت پیش آئی جب وین اپنے معمول کے روٹ پر سفر کر رہی تھی۔ ڈاکوؤں نے انتہائی منظم اور تیز رفتاری سے کارروائی کی، جس کے باعث کوئی بھی مزاحمت نہ کر سکا۔

متاثرہ مسافروں نے فوری طور پر تھانہ جلالپور شریف میں واقعے کی رپورٹ درج کروا دی ہے جبکہ پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ تاہم، تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جا سکی۔

ذرائع کے مطابق تھانہ جلالپور شریف اور تھانہ پنڈدادنخان کی حدود میں گزشتہ چند ہفتوں کے دوران ڈکیتی، راہزنی اور فائرنگ کے متعدد واقعات پیش آ چکے ہیں، جس سے عوام میں عدم تحفظ اور خوف و ہراس بڑھتا جا رہا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ رات کے اوقات میں سفر کرنا خطرناک ہو چکا ہے اور آئے روز ہونے والی وارداتوں نے عام شہریوں کو سخت پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔

اہلِ علاقہ نے ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈی پی او جہلم سے فوری نوٹس لینے، گشت کے نظام کو مزید مؤثر بنانے اور سکیورٹی کے سخت انتظامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ شہری خود کو محفوظ محسوس کر سکیں۔

ہمیں فالو کریں


Google News

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button