خصوصی افراد کی فلاح ہم سب کی ذمہ داری ہے، ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس


جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس کی زیر صدارت خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں معذور افراد اور سپیشل بچوں کی بحالی کے لیے بنائے گئے خصوصی ری ہیبلیٹیشن بورڈ کے تحت مختلف کیسز کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ضلع بھر کی سماجی تنظیموں اور سپیشل بچوں کے اداروں کے انچارج صاحبان نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ معذور افراد کی بحالی اور ان کو ضروری آلات کی فراہمی کے لیے پنجاب حکومت کی ہدایات کے مطابق اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ معذور افراد کو ویل چیئر، آلہ سماعت اور دیگر ضروری سامان فراہم کرنے کا عمل جاری ہے تاکہ وہ بہتر زندگی گزار سکیں۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے کہا کہ خصوصی افراد ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور ان کو معاشرے کا مفید شہری بنانے کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سپیشل افراد کے کیسز کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور ان کی ہر ممکن مدد کی جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ معذور افراد کو خودمختار بنانے کے لیے سرکاری اور نجی سطح پر مشترکہ کوششیں ضروری ہیں اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اجلاس میں شریک مختلف اداروں کے نمائندوں نے بھی اپنی تجاویز پیش کیں اور خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔



