جہلم میں غیر نمونہ نمبر پلیٹوں کا عام استعمال، جرائم میں اضافہ

جہلم شہر اور گردونواح میں غیر نمونہ نمبر پلیٹوں والی موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں سڑکوں پر بلا روک ٹوک دوڑ رہی ہیں جس کی وجہ سے جرائم میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں غیر نمونہ نمبر پلیٹیں بنانے اور فروخت کرنے والے کاریگروں کی چاندی ہو گئی ہے، جبکہ جرائم پیشہ عناصر ان جعلی پلیٹوں کی آڑ میں غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔ شہر میں سخت حکومتی احکامات کے باوجود غیر معیاری اور غیر رجسٹرڈ نمبر پلیٹوں کا استعمال دھڑلے سے جاری ہے، لیکن متعلقہ ادارے اس معاملے پر خاموش دکھائی دے رہے ہیں۔
ٹریفک پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان کھڑا کرتے ہوئے شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک اہلکار صرف موٹر سائیکل سواروں کے چالان کرنے پر توجہ دے رہے ہیں جبکہ غیر نمونہ نمبر پلیٹ والی بڑی گاڑیوں اور مشکوک موٹر سائیکلوں کے خلاف کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی جا رہی۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ جب تک غیر قانونی نمبر پلیٹیں بنانے والے کاریگروں اور دکانداروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی نہیں کی جاتی، اس وقت تک یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
انہوں نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم سے مطالبہ کیا کہ وہ اس مسئلے کا فوری نوٹس لیں اور غیر قانونی نمبر پلیٹوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کیا جائے، تاکہ شہر میں بڑھتے ہوئے جرائم کو روکا جا سکے اور امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔



