پنڈدادنخان میں صفائی، شادی، پانی اور ٹرانسپورٹ کے نام پر نئے ٹیکس لگا دیے گئے

پنڈدادنخان: میونسپل کمیٹی پنڈدادنخان کی طرف سے غریب عوام کے لیے ٹیکسوں کی بھرمار، متعدد ٹیکس لگا دیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق میونسپل کمیٹی پنڈدادنخان کی طرف سے تحصیل پنڈدادنخان کی عوام پر ٹیکسوں کی بھرمار کر دی گئی۔ صفائی ٹیکس، شادی ٹیکس، پانی ٹیکس اور رکشہ سمیت متعدد ٹرانسپورٹ پر متعدد ٹیکس لگا دیے گئے۔
پنڈدادنخان شہر میں صفائی کا کام صفر، سیوریج شدہ پانی کی سپلائی پر ٹیکس اور غریب آدمی جو رکشہ چلا کر اپنا گھر چلا رہا ہے ان پر بھی ہزاروں روپے کے ٹیکس لگا دیے گئے ہیں۔
صدر مرکزی انجمن تاجران چوہدری زبیر جمیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میونسپل کمیٹی پنڈدادنخان کی طرف سے لگائے گئے ٹیکسوں کو نامنظور کرتے ہیں۔ یہ صرف تحصیل پنڈدادنخان میں ٹیکس لگائے گئے ہیں جو مہنگائی کی ماری ہوئی عوام پر ظلم ہے اور ہم اس ظلم کے خلاف بھرپور احتجاج کریں گے، اگر ان ٹیکسوں کا فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو میونسپل کمیٹی پنڈدادنخان سمیت وزیر اعلیٰ پنجاب کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم میونسپل کمیٹی پنڈدادنخان کی طرف سے لگائے گئے تمام ٹیکسوں کا بائیکاٹ کرتے ہیں۔ ان ٹیکسوں کا اطلاق ہر خاص و عام پر کیا گیا ہے، صفائی ٹیکس پہلے پنڈدادنخان شہر میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں، نکاسی آب کا سسٹم سرے سے ہے ہی نہیں، سیوریج شدہ پانی پر بھی ٹیکس لگا دیا گیا ہے اور تو اور رکشہ پر بھی ہزاروں روپے ٹیکس لگا دیے گئے ہیں۔
چوہدری زبیر جمیل نے کہا کہ یہ ٹیکس پورے پنجاب کی بجائے صرف میونسپل کمیٹی پنڈدادنخان کی طرف سے لگائے گئے ہیں جو سرا سر ظلم ہے اور ہم اس ظلم کے خلاف بھرپور احتجاج کریں گے اور یہ احتجاج صرف میونسپل کمیٹی پنڈدادنخان کے خلاف نہیں بلکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے خلاف بھی کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے ہر میونسپل کمیٹی کو کروڑوں روپے کے فنڈز جاری کیے گئے ہیں وہ کدھر گئے ہیں؟۔ میں عوام سے بھی اپیل کرتا ہوں کہ خدارا اپنے حق کے لیے نکلو اگر عوام نے اس احتجاج میں ہمارا ساتھ نہ دیا تو یہ ٹیکس ہمیشہ کے لیے ہمارے اوپر مسلط کر دیے جائیں گے۔



