جہلم میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کی قیادت میں یومِ یکجہتی کشمیر ریلی نکالی گئی

جہلم: یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر جمعیت علمائے اسلام (ف) کی قیادت میں ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں سماجی، رفاہی اور فلاحی تنظیموں کے عمائدین سمیت شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
ریلی شہر کے مختلف علاقوں سے ہوتی ہوئی جہلم پریس کلب کے باہر پہنچی، جہاں شرکاء نے کشمیری عوام کے حق میں نعرے لگائے اور ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
ریلی کے اختتام پر جے یو آئی (ف) جہلم سٹی کے جنرل سیکرٹری اور معروف نوجوان عالم دین مفتی محمد شیر خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ، مرد و خواتین کشمیر کی آزادی کی جدوجہد میں کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم ہر عالمی فورم پر کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے اور ان کے استصوابِ رائے کے حق کی حمایت جاری رکھیں گے۔
اس موقع پر مولانا عمیر حنیف، عجب خان، قاری عبدالرحمن، مرکزی مسلم لیگ کے رہنما ملک محمد افضل اور ضلعی جنرل سیکرٹری چوہدری محمد ہارون نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 5 فروری یومِ یکجہتی کشمیر، مقبوضہ اور آزاد کشمیر کے ہر پاکستانی کے دل کے قریب ہے۔ یہ دن پوری دنیا میں جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہدِ حقِ خودارادیت، سیاسی و سفارتی حمایت اور غیر متزلزل عزم کا اظہار ہے۔
مقررین نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ استصوابِ رائے کے ذریعے اپنی مرضی کا فیصلہ کریں۔ درحقیقت، یہ تحریک پاکستان کا تسلسل ہے، جو اس وقت تک مکمل نہیں ہوگی جب تک کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت نہیں مل جاتا۔ کشمیری عوام نے آزادی کے لیے بے مثال قربانیاں دیں اور بھارتی مظالم کا سامنا کیا، مگر افسوس کہ بین الاقوامی برادری کا ضمیر اس مسئلے پر اس طرح نہیں جاگا، جس طرح دیگر عالمی معاملات پر جاگتا ہے۔
مقررین نے مزید کہا کہ بھارت ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت ختم کرنے کے اقدامات کر رہا ہے اور وہاں کالے قوانین کا نفاذ کر چکا ہے۔ کشمیری عوام کو بنیادی انسانی حقوق سے محروم کیا جا رہا ہے، جس پر ہم عالمی برادری کو مسلسل آگاہ کرتے رہیں گے۔
انہوں نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو مزید موثر انداز میں اجاگر کرے اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے اپنی کوششیں تیز کرے۔
ریلی کے شرکاء نے "کشمیر بنے گا پاکستان”، "مودی سرکار مردہ باد” اور "بھارت کے ظلم و ستم نامنظور” جیسے نعرے بلند کیے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ کشمیری عوام کے ساتھ ہر ممکن سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔



