جہلم کے علاقہ سنگھوئی میں 132 کے وی گریڈ اسٹیشن کا افتتاح

جہلم: محمد نعیم جان (سی ای او آئیسکو) اور محمد اسلم خان (جی ایم آپریشن آئیسکو) نے 132 کے وی گریڈ اسٹیشن سنگھوئی کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر آئیسکو کے ملازمین اور مقامی شرفاء نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ تقریب میں سرکل جہلم کے تمام افسران اور اہلکار موجود تھے۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے کیا گیا جس کے بعد نعت رسول ﷺ پیش کی گئی۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض مسعود احمد برزہ (ایس ای سرکل جہلم) نے انجام دیے اور سنگھوئی گریڈ اسٹیشن کے حوالے سے تفصیلی معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کا آغاز 2004 ء میں کیا گیا تھا اور اس کی تکمیل میں کئی مراحل کا سامنا کرنا پڑا۔ منصوبے پر تقریباً 65 کروڑ روپے لاگت آئی۔
جی ایم آپریشن محمد اسلم خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ جہلم میں 24 سال سے زائد خدمات انجام دے چکے ہیں اور سنگھوئی گریڈ اسٹیشن کی تکمیل میں چوہدری عنایت کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سنگھوئی کے عوام کو کم وولٹیج کی شکایت تھی، جو اب حل ہو چکی ہے۔ مزید برآں، انہوں نے ملازمین کو ہدایت کی کہ دفتر میں آنے والے ہر غریب آدمی کے کام کو ترجیح دی جائے اور ضمیر کا سودا نہ کیا جائے۔
سی ای او آئیسکو محمد نعیم جان نے خطاب میں ایس ای سرکل جہلم مسعود احمد برزہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی انتھک محنت کی بدولت یہ منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ صارفین بجلی کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا آئیسکو کی اولین ترجیح ہے۔ سنگھوئی گریڈ اسٹیشن نہ صرف مقامی لوگوں کے لیے بلکہ آس پاس کے علاقوں کے لیے بھی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے ملازمین کو سیفٹی انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔
تقریب کے اختتام پر قیصر محمود اور مسعود احمد برزہ کو شیلڈز دی گئیں۔ اس موقع پر خصوصی دعوت پر چیف انجینئر کامران آفتاب، پی ڈی جی ایف سی محمود، اسحاق کھوکھر (جی ایس او کے ایس ای) اور ایکسین جہلم سومرو سمیت دیگر معزز شخصیات نے بھی شرکت کی۔



