جہلم میں گرانفروشوں کے خلاف ایکشن، 542 خلاف ورزیاں پکڑی گئیں، 17 لاکھ سے زائد جرمانے

جہلم میں ضلعی انتظامیہ کا گرانفروشوں کے خلاف بھرپور کارروائی کا سلسلہ جاری، 542 خلاف ورزیاں پکڑی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں ضلعی انتظامیہ عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے لیے ضلع بھر میں گرانفروشوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر قانونی کارروائیاں کر رہی ہے تاکہ دکاندار اشیاء ضروریہ کے مقررہ نرخوں سے زائد قیمت وصول کر کے عوام کا استحصال نہ کر سکیں۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس کی ہدایت پر جہلم شہر اور تحصیلوں میں اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے گزشتہ 15 دنوں کے دوران 14 ہزار سے زائد چھاپے مار کر 542 خلاف ورزیاں پکڑی ہیں۔ ان کارروائیوں کے نتیجے میں گراں فروشوں کو مجموعی طور پر 17 لاکھ 7 ہزار روپے سے زائد جرمانے کیے گئے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کی اس مؤثر کارروائی سے عوامی حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور لوگوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ گرانفروشوں کے خلاف اس قسم کی کارروائیاں مزید تیز کی جائیں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔



