حمزہ بیگ ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے ریسکیو 1122 جہلم کو بی پی آپریٹس کا عطیہ

جہلم: حمزہ بیگ ویلفیئر سوسائٹی جہلم نے ریسکیو 1122 کی ایمبولینسز کے لیے 7 عدد وال بی پی آپریٹس عطیہ کیے۔ صدر حمزہ بیگ ویلفیئر سوسائٹی توصیف بیگ نے یہ طبی آلات ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر جہلم انجینئر سعید احمد کے حوالے کیے۔
اس موقع پر توصیف بیگ نے کہا کہ قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے ریسکیو 1122 اور حمزہ بیگ ویلفیئر سوسائٹی ایک ساتھ کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ عطیہ ایک صدقہ جاریہ ہے جس سے ہزاروں ہنگامی مریض فائدہ اٹھا سکیں گے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر سعید احمد نے حمزہ بیگ ویلفیئر سوسائٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ طبی آلات ایمرجنسی حالات میں مریضوں کو بہتر سہولت فراہم کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حمزہ بیگ ویلفیئر سوسائٹی ہمیشہ ریسکیو 1122 کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ان کا کردار مثالی ہے۔
یاد رہے کہ حمزہ بیگ ویلفیئر سوسائٹی ایک فلاحی تنظیم ہے جو احساس پر مبنی معاشرے کے قیام کے لیے کوشاں ہے۔ عوامی حلقوں نے سوسائٹی کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ تعاون مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔



