پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی غفلت؛ سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں آسمان پر، دکانداروں کی من مانی جاری

جہلم: پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی عدم توجہی کے باعث شہر سمیت ضلع بھر میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگیں، دکانداروں کی لوٹ مار جاری ہے۔ غریب اور متوسط طبقے کے افراد قیمتیں زیادہ ہونے کے سبب خریداری کرنے کے بجائے صرف بھاؤ پوچھنے تک محدود ہو گئے ہیں۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے صارفین کے مسائل سے مکمل لاتعلقی اختیار کر رکھی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم شہر کی مختلف دکانوں پر کم ناپ تول کا سلسلہ بھی عروج پر ہے۔ دکانداروں نے جدید کمپیوٹرائزڈ کنڈے استعمال کرنے کے بجائے پرانے ترازو کا سہارا لے کر سادہ لوح شہریوں کو لوٹنا معمول بنا لیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ دکاندار نہ صرف اپنی من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں بلکہ کم ناپ تول کر کے بھی شہریوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی اس سنگین صورتحال پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں اور کسی قسم کی کارروائی عمل میں نہیں لائی جا رہی۔
شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس صورت حال کا فوری نوٹس لیں اور دکانداروں کو جدید کمپیوٹرائزڈ کنڈے استعمال کرنے کا پابند بناتے ہوئے سخت کارروائی عمل میں لائیں تاکہ شہریوں کو مہنگائی اور دھوکہ دہی سے نجات دلائی جا سکے۔



