جہلم کے یوٹیلیٹی سٹورز پر 6 ماہ سے سستے آٹے کی قلت، عوام مشکلات کا شکار

جہلم شہر کے یوٹیلیٹی سٹورز پر گزشتہ 6 ماہ سے سستے آٹے کی فراہمی معطل ہے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
یوٹیلیٹی سٹورز پر 10 کلو آٹے کا تھیلا 1300 روپے میں دستیاب ہے جو عام مارکیٹ کے مقابلے میں مہنگا پڑ رہا ہے۔ اسی طرح گھی، کوکنگ آئل، دالیں اور دیگر بنیادی ضروریات کی اشیاء بھی اکثر نایاب ہیں، جس سے غریب عوام اور کم تنخواہ دار سرکاری ملازمین کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
یوٹیلیٹی سٹورز کا قیام بنیادی طور پر غریب اور متوسط طبقے کو معیاری اور ارزاں نرخوں پر اشیائے خوردونوش فراہم کرنے کے لیے عمل میں لایا گیا تھا تاکہ سفید پوش طبقہ مناسب قیمتوں پر اشیاء خرید کر اپنے اہلِ خانہ کی کفالت کر سکے۔ تاہم حالیہ مہنگائی کی لہر اور ضروری اشیاء کی عدم دستیابی نے یوٹیلیٹی سٹورز کے اصل مقصد کو پسِ پشت ڈال دیا ہے۔
عوام کا مطالبہ ہے کہ حکومت فوری طور پر یوٹیلیٹی سٹورز کی صورتحال کا نوٹس لے، سستے آٹے سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنائے اور قیمتوں میں کمی کی جائے تاکہ غریب اور متوسط طبقے کو ریلیف مل سکے۔



