جہلم میں سوئی گیس کی عدم فراہمی اور قیمتوں میں اضافہ، شہری تنظیموں کا احتجاج

جہلم شہر اور اس سے ملحقہ آبادیوں میں سوئی گیس کی فراہمی نہ ہونے اور اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باوجود گیس کی قیمتوں میں 300 فیصد سے زائد اضافے پر شہری تنظیموں نے گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اس اضافے کو فوری واپس لینے کا مطالبہ گزشتہ روز ایک اجلاس میں کیا گیا، جس میں سماجی، رفاہی اور فلاحی تنظیموں کے عمائدین اور سربراہان نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران منظور کی گئی قرارداد میں کہا گیا کہ موسم سرما کے دوران گھریلو صارفین، خاص طور پر خواتین خانہ، گیس کی عدم دستیابی کے باعث شدید مشکلات کا سامنا کر رہی ہیں۔ اس کے باوجود صارفین کو بھاری بھرکم گیس بل موصول ہو رہے ہیں، جس سے ان کے گھریلو بجٹ پر سنگین اثرات پڑ رہے ہیں اور معاشی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
شہری تنظیموں کے رہنماؤں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ سوئی گیس کے حالیہ اضافے کو واپس لے اور گیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائے تاکہ عوام کو اس سنگین مسئلے سے نجات مل سکے۔



