سوہاوہ: مسلم ہینڈز کےتعاون سے بڑاگواہ میں دو روزہ فری آئی کیمپ اختتام پذیر

سوہاوہ: مسلم ہینڈز کے تعاون سے بڑاگواہ میں دو روزہ فری آئی کیمپ کامیابی سے اختتام پذیر ہوگیا۔ کیمپ میں 350 سے زائد مریضوں کا معائنہ کیا گیا، جنہیں مفت عینکیں اور ادویات فراہم کی گئیں جبکہ 75 مریضوں کے آنکھوں کے کامیاب آپریشن بھی کیے گئے۔
فری آئی کیمپ کیپٹن (ر) نذر محمد، محمد زرکیانی اور سلطان محمود مرحومین کے ایصالِ ثواب کے لیے ہر سال منعقد کیا جاتا ہے۔ کیمپ راجہ عدنان کیانی اور راجہ احتشام کیانی کی جانب سے مسلم ہینڈز کے تعاون سے منعقد کیا گیا۔
امسال منعقد کئے گئے فری آئی کیمپ کے دوران فری شوگر ٹیسٹ، ہیپاٹائٹس بی اور سی کی اسکریننگ کی سہولت بھی فراہم کی گئی۔ تمام مریضوں اور ان کے ہمراہ آنے والے افراد کو کھانے کا بھی انتظام کیا گیا۔
اس موقع پر مختلف اہم شخصیات نے کیمپ کا دورہ کیا، جن میں راجہ ندیل کیانی (فارن آفیسر، یو کے)، قمر عطاء (پروگرام انچارج، مسلم ہینڈز میرپور آفس)، مرزا کامران (ایریا انچارج، گوجرخان) اور ضمیر کیانی (دینہ) شامل تھے۔ قمر عطاء نے راجہ ندیل کیانی کو کیمپ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
راجہ عدنان کیانی نے بتایا کہ یہ کیمپ ان کے والد کے ایصالِ ثواب کے لیے منعقد کیا جاتا ہے اور اس میں تمام سہولیات بالکل مفت فراہم کی جاتی ہیں۔یہ کیمپ مسلم ہینڈز میرپور کےتعاون سے لگایاجاتاہے۔
راجہ ندیل کیانی نے کیمپ کے انعقاد کو علاقے کے لیے ایک بڑی خدمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ مزید ایسے فری آئی کیمپ اور میڈیکل کیمپس کا انعقاد ہونا چاہیے کیونکہ یہ علاقے کی ضرورت ہیں۔
راجہ عدنان کیانی نے اس بات پر زور دیا کہ اس کیمپ کی بدولت وہ مریض جو مہنگے علاج کے متحمل نہیں ہوسکتے تھے، مفت میں اپنی آنکھوں کے آپریشن کروا سکے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی ایسے کیمپ منعقد ہوتے رہیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو فائدہ پہنچایا جاسکے۔



