دینہ میں ڈاکوؤں نے دوکاندار اور گاہک کو لوٹ لیا، مزاحمت پر ڈاکوؤں نے گاہک کو گولی مار دی

دینہ: منگلا روڈ پر دن دیہاڑے ڈکیتی کی واردات، 3نامعلو م مسلح نقاب پوش موٹرسائیکل سوار ڈاکوؤں نے دوکاندار کو اسلحہ کی نوک پر یر غمال بنا کر لاکھوں روپے لوٹ لئے، دوکان پر آئے گاہک سے موبائل چھیننے کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے گاہک زخمی، ڈاکو واردات کے بعد بڑی دلیری کے ساتھ موٹرسائیکل پر فرار ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق دینہ میں منگلا روڈ ہڈالہ سیداں کے مقام پر ڈسکاؤنٹ سپر سٹور میں ڈکیتی کی واردات پیش آئی۔ 3نامعلوم نقاب پوش مسلح ڈاکوؤںنے سہ پہر 4بجے کے قریب سٹور میں داخل ہو کر سٹور کے مالک سید فضل حسین سکنہ ہڈالہ کو اسلحہ کی نوک پر یرغمال بنا لیا اور جان سے مار دینے کی دھمکی دیتے ہوئے ساڑھے 4لاکھ کی نقدی چھین لی۔
اسی دوران دوکان میں ایک گاہک داخل ہوا تو ڈاکوؤں نے اسے بھی یرغمال بنا لیا اور اس سے 60 ہزار روپے مالیت کا موبائل فون چھین لیا اور اسی دوران ڈاکوؤں اور کسٹمر میں مزاحمت شروع ہو گئی جس پر ڈاکوؤں نے گاہک اکرام جاوید ولد محمد حسین سکنہ ساگری کو فائر مار کر شدید زخمی کر دیا اور لوٹ مار کے بعد ڈاکو باآسانی کے ساتھ موٹرسائیکل پر منگلا کی طرف فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
اطلاع ملتے ہی پولیس سٹی چوکی دینہ کی بھاری نفری پہنچ گئی اور رپورٹ درج کر کے ڈکیتوں کی تلاش شروع کر دی ، واردات کے بعد علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا ۔



