ضلع جہلم میں بھی کسان لائیو سٹاک کارڈ سکیم کا باقاعدہ آغاز

جہلم: وزیراعلی پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے ویژن اور سیکرٹری لائیوسٹاک، گورنمنٹ آف پنجاب کی رہنمائی میں پنجاب بھر کی طرح ضلع جہلم میں بھی کسان لائیو سٹاک کارڈ سکیم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔

اس منصوبے کے تحت جانوروں کو فربہ کرنے اور گوشت کی پیداوار بڑھانے کے لیے حکومت پنجاب کی طرف سے مویشی پال بھائیوں کو آسان قرضہ جات فراہم کئے جائیں گے۔ ایسے تمام مویشی پال حضرات جن کے پاس پانچ یا اس سے زیادہ کٹرے یا بچھڑے موجود ہیں وہ حکومت پنجاب کی طرف سے بینک آف پنجاب کے ذریعے پانچ ماہ کی مدت کے لیے ایک لاکھ 35 ہزار سے دو لاکھ ستر ہزار روپے تک کے آسان قرضہ جات حاصل کر سکتے ہیں، اس قرضہ کی سب سے خوبصورت بات یہ ہے کہ اس پر کوئی شرح سود لاگو نہیں ہے۔

ڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک پنجاب ڈاکٹر محمد اشرف، ڈائریکٹر لائیو سٹاک راولپنڈی ڈویژن ڈاکٹر نوید سحر زیدی کی مسلسل کوششوں اور ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک جہلم ڈاکٹر غلام مرتضی ارشد کی رہنمائی میں اس پروگرام کی باقاعدہ رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

ڈائریکٹر لائیو سٹاک راولپنڈی ڈویژن کی ہدایات کے مطابق ضلع جہلم کی چاروں تحصیلوں میں اس منصوبہ کے حوالے سے بھر پور آگاہی مہم جاری ہے۔ مواضعات کی سطح پر کسان لائیو سٹاک بیٹھک، موبائل ویٹرنری ڈسپنسریز اور سکول فوکس پروگرام جیسی أگاہی سرگرمیوں کے ذریعے ہر خاص و عام تک اس منصوبے کے متعلق معلومات بہم پہنچائی جا رہی ہیں۔ اس کے علاوہ منصوبہ کے حوالے سے تمام ہسپتالوں میں معلوماتی بینرز بھی آویزاں ہیں اور سہولت ڈیسک بھی مصروفِ عمل ہیں۔

ایسے تمام مویشی پال حضرات جن کے پاس پانچ یا اس سے زیادہ کٹرے یا بچھڑے یا دونوں ملا کر موجود ہیں وہ اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر PLC lلکھ کر اپنے رجسٹرڈ موبائل نمبر سے محکمہ کی ہیلپ لائن 8070 پر میسج کریں۔

قرض کے اجرا کی اہلیت کو جانچنے کے لیے خود کار نظام کے تحت مویشی پال بھائیوں کے جملہ کوائف کی تصدیق کی جائے گی اور اس کے بعد انہیں کسان لائیوسٹاک کارڈ جاری کر دیا جائے گا۔ اس رقم سے مویشی پال حضرات اپنے مویشیوں کے لیے کھل،ونڈا، سائیلج، منرل مکسچر اور ادویات وغیرہ حاصل کر سکتے ہیں تاکہ ان کے جانور زیادہ سے زیادہ وزن بڑھائیں اور مارکیٹ میں ان جانوروں کی اچھی قیمت وصول حاصل کی جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button