پاکستانی کمیونٹی سینٹر کے تعاون سے لوگوں کو مفت کھانا فراہم کررہے ہیں، سید لخت حسنین، ہارون کھٹانہ

مانچسٹر: دنیا بھر میں دکھی انسانیت کی خدمت میں پیش پیش مسلم ہینڈز کے فوڈ پراجیکٹ جو کہ پاکستانی کمیونٹی سینٹر کے تعاون سے ہزاروں لوگوں کو روزانہ کی بنیاد پر مفت کھانا فراہم کر رہا ہے، کو برطا نیہ بھر میں سراہا جا رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار مسلم ہینڈز کے چیئرمین پیر سید لخت حسنین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم کمیونٹی برطانیہ میں پرامن اور پیار کرنے والی ہے، حالیہ مسلم مخالف فسادات سے مسلم کمیونٹی کا تشخص خراب کرنے کی بھرپور کوشش کی گئی ، ہمیں اپنے رویئے سے ثابت کرنا ہو گا کہ اسلام امن اور پیار کا درس دیتا ہے ۔
اس موقع پر پاکستان کمیونٹی سینٹر کے چیئرمین ہارون کھٹانہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی کمیونٹی کئی دہائیوں سے برطانیہ کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ مسلم ہینڈز کی جانب سے فری فوڈ بغیر کسی رنگ و نسل لوگوں میں روزانہ کی بنیاد پر تقسیم کیا جا رہا ہے۔ برطانیہ میں بڑھتی ہوئی مہنگائی سے بھی ہر طبقہ متاثر ہوا ہے جس سے لوگوں کی بڑی تعداد فوڈ بینکس پر انحصار کر رہی ہے۔
اس موقع پر طاہر چوہدری، ڈاکٹر اجمل، ہارون مرزا، مصطفی مغل، کاشف سجاد، انعام سہری اور دیگر نے مسلم ہینڈز کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات پر خراج تحسین پیش کیا۔
تازہ ترین خبروں کیلئے ہمیں گوگل نیوز پر فالو کریں



