نبی کریم ؐ کی رہنمائی سب کیلئے ہے، نوجوان نسل اسلام کے سنہری اصولوں کو اپناتے ہوئے زندگی گزارے، پیرشمس الدین گیلانی

کوونٹری: گولڑہ شریف کے پیر حضرت شمس الدین گیلانی نے آستانہ دیوان حضوری کونٹری کی 38ویں آئین مصطفیﷺ کانفرنس سے انتہائی پراثر خطاب کرتے ہوئے کہا ہےکہ رسول اللہ محسن انسانیت، خاتم النبین ، سروردوعالم محمد عربیﷺ کی حیات طیبہ ہر اس انسان کے لئے اسوہ حسنہ ہے جو اللہ تعالیٰ اور آخرت پر ایمان رکھتا ہے۔اس سرچشمہ سے رہنمائی مل سکتی ہے اور یہی دارین کی سعادت کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دارفانی میں بڑے بڑے اہل فکر ،دانش وراور مصلحین پیدا ہوئے، لیکن آپﷺ جیسا ہمہ صفت کامل راہنما نہیں مل سکا۔تاریخ کے ہر دور اور ہر قوم میں اللہ کے رسول آئے اور انسانیت کو راہ ہدایت دکھاتے رہے۔دنیا کو آخری نبی کی آمد کا صدیوں سے انتظار تھا۔ رسول اللہ حضرت محمدﷺ کی بعثت سے یہ طویل انتظار ختم ہوا۔آپ سلسلہ رسالت کی آخری کڑی ہیں اور رحمۃ اللعالمین بنا کر مبعوث کئے گئے ، آپؐ کی شریعت آخری شریعت قرار پائی جس نے سب سابقہ شریعتوں کو منسوخ کر دیا۔اب آپﷺ کی رہنمائی ہی سب کے لئے اور تاقیامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپﷺ پوری انسانیت کے لئے تاقیامت اسوۂ کامل اور تمام جہانوں کے لئے رحمت ہیں۔ اللہ کے تمام پیغمبروں نے اللہ کے دین کی دعوت دی، لیکن آپ پیامبر دعوت کے ساتھ ساتھ پیغمبر انقلاب بھی تھے۔آپﷺ نے عملاً وہ انقلاب برپا کر دیا جس کی مثل تاریخ انسانی میں نہ پہلے تھی نہ آئندہ ہو گی۔رسول اللہﷺ سے اْمتیوں کے عشق و محبت سے مراد فقط جذبات عقیدت و ارادت نہیں ،تقلیدو اتباع بھی اس کا ضروری جزو ہے۔ رسول اکرم ﷺ کی تعلیمات سے پوری طرح فیض یاب ہونے کے لئے آپﷺ کی زندگی کو چراغ راہ بنانے اور آپ کی روحانی واخلاقی اور عملی خوبیاں اخذ کرنے کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔کتاب و سنت اساس دین ہیں۔رسول اللہ کی ولادت باسعادت اور حیات طیبہ ہماری رہنمائی کرتی ہے۔ پیر گولڑہ شریف نے کہاکہ نوجوان نسل اسلام کے سنہری اصولوں کو اپناتے ہوئے اپنی زندگیوں کو گزارے اور کسی بھی منفی سرگرمیوں کا حصہ نہ بنیں۔ اپنے اخلاق کردار سے اپنا اور اپنے ملک کا نام روشن کریں۔ آئین مصطفیﷺ کانفرنس سے حضرت ظفر صدیقی مفتی امام محمد عاصم ابرار محفوظ شاہ نے خطاب کرتے ہوئے دیوان حضوری کی خدمات کو سراہا اور پیر دلدار شاہ اور ان کے حاحبزادگان کی اسلام و دین کے سلسلے میں کی گئی کاشوں جو خراج تحسین پیش کیا۔ کونٹری سٹی کونسل کے ڈپٹی لیڈر کونسلر عبدالسلام اور کونسلر کامران خان نے کہا کہ دین اسلام کے راستے پر چل کر ہی ہم اپنی زندگیوں کو منور کر سکتے ہیں۔ ممتاز عالم دین عمر حیات قادری نے کہا کہ آج کے دن آسنانہ دیوان حضوری کے زیراہتمام 38ویں آئین مصطفیﷺ کانفرنس اس بات کی واضع دلیل ہے کہ پیر دلدار شاہ اور ان کے صاحبزادگان مسلسل دیار غیر میں اور اپنے ملک پاکستان میں دین اسلام کی تبلیغ میں مصروف عمل ہیں تاکہ اپنے نوجوان نسل کو اپنے آقا حضرت محمدﷺ کی تعلیمات سے روشناس کرایا جائے۔ انھوں نے پاکستان کے اندرونی معاملات پر اپنے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا حالات و معاملات کو برباد کر رہا ہے ہمیں اپنے دین اور نوجوان نسل کے بچاؤ کے لیے سوشل میڈیا کو منفی پروپیگنڈہ سے دور رکھنا ہو گا۔ پیر شفقات حسین شاہ اور پر حسنات شاہ آف دیوان حضوری نے دین و اسلام کے علاوہ آ ستانہ دیوان حضوری کی کارکردگی اور خدمات کا زکر کیا جبکہ حضرت پیر دلدار شاہ نے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ والہٖ وسلم کی تمام زندگی اس بات کی گواہ ہے کہ آپ کو نیکی سے پیار تھا اور آپؐ ساری زندگی تقویٰ کی راہوں پر گامزن رہے۔اللہ تعالیٰ نے اپنی اطاعت کے ساتھ اپنے رسول اللہﷺ کی اطاعت کو بھی لازم قرار دیا ہے لازم ہے کہ حضور پاکﷺ کی زندگیوں کو عملی جامہ پہنانے کے اقدامات کئے جائیں انھوں نے کہا کہ دیوان حضوری نے کبھی چندہ اکھٹا نہیں کیا اور پاکستان میں ایک بہترین درسگاہ بنائی جس سے نوجوان نچے مستفید رہے ہیں اس مقصد کی تکمیل کیلئے ہر شخص کو آسنانہ دیوان حضوری کا ساتھ نبھانہ ہو گا اورتعاون کرنا ہو گا تاکہ حضور پاک ﷺ کی تعلیمات پھیلتی رہیں۔ تقریب کے اختتام پر معروف نعت ضواں حافظ احمد رضا قادری نے اپنی خوبصورت آواز میں کلام سنا کر شرکاء کو محظوظ کیا جبکہ پیر دلدار شاہ اور بھارت سے آئے ہوئے مہمان پیر حضرت ابرار محفوظ شاہ نے مسلم امہ و پاکستان کی ترقی خوشحالی کی دعا کی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button