مشکلات و چیلنجز سے نجات کا راستہ آپﷺ کی سیرت طیبہ پر عمل کرنے میں ہے، پیرعرفان شاہ مشہدی، شمس الدین گیلانی، حسنین محبوب گیلانی

بریڈفورڈ: سنّی جمعیت عوام برطانیہ کے زیر اہتمام فاطمیہ کالج بریڈفورڈ میں عظیم الشان انٹرنیشنل میلاد النبیﷺ کانفرنس منعقد کی گئی۔
حجۃ الاسلام پیر سید محمد عرفان شاہ مشہدی کی صدارت میں ہونے والی کانفرنس میں پاکستان اور برطانیہ بھر سے سادات کرام ، علماءربانین اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔
اس موقع پرحجۃ الاسلام پیر سید محمد عرفان شاہ مشہدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم اُمہ کے تمام مسائل کا حل اسوئہ رسولﷺ کی پیروی میں ہے، حضرت محمد مصطفیﷺ کی ذات اقدس کائنات کے ہر ذرے اور پوری انسانیت کیلئے باعث رحمت ہے، حضور ﷺ کو اللہ رب العزت نے تمام عالمین کیلئے رحمت بنا کر بھیجا ،آپﷺ اللہ کے آخری رسول اور خاتم النبیین ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عالم اسلام اس وقت جن مشکلات و چیلنجز سے دوچار ہے ان سے نجات کا واحد راستہ آپﷺ کی سیرت طیبہ پر عمل ہے۔ آپﷺ کی ذات اقدس پوری انسانیت کیلئے رحمت اور نجات دہندہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میلاد النبی ﷺکانفرنسز کے ذریعے حضور پاکﷺ اہلبیت اطہارؓ اور صحابہ کرامؓ کی محبت اور آپﷺ کے اسوۂ حسنہ کو نوجوان نسل تک پہنچانا مقصود ہے۔
کانفرنس سے پیر سید شمس الدین شمس گیلانی آف گولڑہ شریف ،پیر سید حسنین محبوب گیلانی،پیر سید اسد محمود کاظمی ،صاحبزادہ ازکیٰ جلال الدین، علامہ ساجد علی شامی ، علامہ محمد نبیل افضل ،علامہ حافظ شفیق جماعتی ، مفتی ولی رضا قادری ،پیر سید ارشد حسین شاہ گردیزی امیر جماعت اہلسنت پنجاب ،علامہ پروفیسر سید اسد محمود کاظمی اور دیگر علما نے خطاب کرتے ہوئے حضور پاک ﷺ کی سیرت بیان کی۔
پاکستان سے آئے معروف نعت خواں سید الطاف حسین شاہ کاظمی ،الحاج شہباز قمر فریدی ،سید احسن رضا عرفانی ،قاری اجمل علی قادری ،داؤد بیگ قاسمی ، حسین یوسف میمن ، ذیشان اظہر ،ناصر الطاف اور دیگر نعت خواں حضرات نے خوبصورت انداز میں گلہائے عقیدت بحضور سرور کونین ﷺ پیش کر کے تقریب کو روح پرور بنا دیا۔
آخر میں میلاد النبی ﷺکا کیک کاٹا گیا اور پیر محمد عرفان شاہ مشہدی نے امت مسلمہ کے اتحاد و اتفاق کیلئے خصوصی دعا کی ۔
تازہ ترین خبروں کیلئے ہمیں گوگل نیوز پر فالو کریں



