تمام پریشانیوں اور مسائل کا حل حضور ﷺ کی سیرت پرعمل میں مضمر ہے، عامر شوکت

باصل: ماہ ربیع الاول ، مبارک اور سعادتوں بھرے مہینے کی آمد کے ساتھ ہی عاشقان رسول ﷺ اپنے نبی آخرالزمان حضور ﷺ کے ساتھ محبت اور عقیدتوں کے پھول اور نذرانہ عقیدت پیش کرنے کیلئے سوئٹزر لینڈ کے شہر باصل میں زیر سر پرستی صاحبزادہ سید علی الاشرفی الجیلانی روحانی بابرکت اور نورانی محفل میلاد مصطفیٰ ﷺ کا انعقاد کیا کیاگیا ۔
محفل میلاد النبی ﷺ میں مہمانان خصوصی سوئٹزرلینڈ میں سفیر پاکستان عامر شوکت اور پیر سید جعفر علی شاہ سواتی تھے۔ محفل کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیاجس کی سعادت سید علی جیلانی نے حاصل کی۔
یورپ سے آئے ہوئے نامور ثناخوانوں سید زین جیلانی، ریاض الدین، احمد ریاض الدین اور عمران مزمل، محمود الحسن شاہ، ارشد سیٹھی اور محمد ارشد نے اپنے مخصوص انداز میں حضور ﷺ کے حضور گلہائے عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔ پیر سید جعفر شاہ سواتی نے اپنی خوبصورت آواز میں نعت رسول ﷺ پڑھ کر محفل میلاد میں وجد کا سماں پیدا کر دیا۔
سفیر پاکستان عامر شوکت نے خطاب کرتے ہوئے پوری ٹیم کا میلاد منعقد کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آقا نے ہمیں زندگی گزارنے کا سلیقہ سکھایا ہماری تمام پریشانیوں اور مسائل کا حل حضور ﷺ کی سیرت میں عمل کرنے میں مضمر ہے۔ ہم نے آج عہد کرنا ہے ہم نے حضور ﷺ کی سیرت پر عمل پیرا ہونا ہے۔
قبل ازیں سید علی جیلانی نے اپنے خطاب میں حضور ﷺ کی سیرت کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ اللہ پاک نے اپنے حبیب کو فرمایا کہ قیامت تک ہم نےآپ ﷺ کا ذکر بلند فرما دیا۔ دیار غیر میں یہ ہماری خوش قسمتی ہے ہم حضور ﷺ کا ذکر بلند کر رہے ہیں۔
دیگر مقررین نے اپنے خطاب میں ایک ہی پیغام دیا آج اس فتنے اور نفسا نفسی کی دنیا میں مسلمانوں کی بقا صرف حضور اکرم ﷺ کے اسوہ حسنہ اور ان کی سیرت پر عمل پیرا ہونے میں ہے۔ ہمیں حضور ﷺ کا دامن مضبوطی سے تھام لینا چاہیے۔
آخر میں درود و سلام پیش کیا گیا اور صاحبزادہ سید علی الاشرفی الجیلانی نےدعا کرائی۔ محمد خان، ذوالفقار احمد خان، سجاد راجہ، فیاض خالد گوجر، مستنصر باللہ نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا مہمانوں کی تواضح لنگر محمدی سے کی گئی۔
تازہ ترین خبروں کیلئے ہمیں گوگل نیوز پر فالو کریں



