اللّٰہ تعالیٰ نے اپنی سچی کتاب قرآن پاک میں فرما دیا حضرت محمد ﷺ آخر نبی ہیں، علمائے کرام

دی ہیگ: تحفظ ختم نبوت بل جو پاکستان کی پارلیمنٹ نے آج سے 50سال قبل 1974 میں پاس کیا تھا اس موضوع پر جامع مسجد الکرم ایمسٹرڈیم میں تحفظ ختم نبوت کانفرنس منعقد ہوئی جس کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے مولانا حافظ محمد عاطف امام و خطیب جامع مسجد الکرم نے کیا۔

ذکر شریف درود شریف اور نعت رسول مقبولﷺ محمد ابراہیم فارس اور دیگر نے پیش کی۔ کانفرنس کی نظامت حضرت مولانا عاصم منیر امام خطیب جامعہ مسجد الکرم نے کی۔

مفتی اعظم ہالینڈ حضرت مولانا شفیق الرحمٰن امام و خطیب جامعہ مسجد طیبہ نے کہا کہ اللہ تعالی نے اپنی پیاری اور سچی کتاب جس میں کسی شک کی کوئی گنجائش نہیں قران پاک میں صاف بیان فرما دیا کہ حضرت محمد مصطفیٰﷺ آخری نبی ہیں، ان کے بعد نہ کوئی نبی آیا ہے اور نہ قیامت تک آئے گا، اس کے بارے میں سوچنا یا بات کرنا بھی گناہ کبیرہ ہے۔

مولانا پیر سید افتخار حسین شاہ امام و خطیب جامعہ مسجد غوثیہ روٹرڈیم نے کہا کہ آج سے 125سال پہلے 1900میں بھی جب پیر مہر علی شاہ رحمۃ اللہ تعالی علیہ کا منکرین ختم نبوت سے مناظرہ ہوا تھا تو اس وقت بھی منکرین ختم نبوت بھاگ گئے تھے اور کوئی بھی موثر دلیل یا بیان اسلام کے بارے میں نہیں دے سکے تھے، جب بھی اسلام کے بارے میں پاکستان یا دنیا کے کسی بھی کونے میں ان منکرین ختم نبوت سے مقابلہ ہوا ان کا خلیفہ کوئی جواب دے سکا اور نہ ہی ان کا کوئی پیروکار۔

مفکر اسلام حضرت مولانا حافظ محمد سجاد برکاتی امام و خطیب جامعہ مسجد فرید الاسلام نے کہا کہ اج سے 50سال پہلے ایک بہت بڑے فتنے کو علماء کرام جن میں امام اہل سنت و جماعت حضرت مولانا شاہ احمد نورانی صدیقیؒ، حضرت مولانا عبدالستار خان نیازیؒ اور اس وقت کے جید علماء کرام اور باالخصوص پاکستان پارلیمنٹ کے ممبران اور اس وقت کے وزیراعظم پاکستان ذوالفقار علی بھٹو نے منکرین ختم نبوت کو ہمیشہ کیلئے اسلام سے خارج کر دیا اور ایسا قانون بنا دیا جس کو قیامت تک یاد رکھا جائے گا۔

علماء کرام نے کہا کہ ہر دور میں کوئی نہ کوئی فتنہ پیدا ہو جاتا ہے جس کو اللہ اور اس کے رسولﷺ کے فضل و کرم سے ہمارے علمائے کرام ناکام بنا دیتے ہیں۔ اللہ تعالی کے فضل اور اس کی رحمت اور اس کے پیارے رسول حضرت محمد مصطفیٰ ﷺکے طفیل تمام مسلمانوں کے ساتھ ہوتی ہے۔

ختم نبوت کانفرنس سے حضرت مولانا افتخار علی چشتی، حضرت مولانا علامہ محمد عمران قادری جیلانی امام و خطیب جامعہ مسجد غوثیہ ایمسٹرڈیم، حضرت مولانا حافظ و قاری شاہد رسول امام و خطیب جامعہ مسجد مہناج القران، حضرت مولانا زین الدین نے خطاب کیا۔

اس کانفرنس میں اوورسیز پاکستانیوں سمیت دیگر اسلامی ملکوں کے کمیونٹی افراد جن میں صدر جامعہ مسجد الکرم چوہدری مختار علی، نائب صدر چوہدری کرامت علی، محمد شاہد قاری، محمد انور میمن، ہالینڈ کی کاروباری شخصیت چوہدری مشتاق احمد، سہیل احمد، حاجی مجید سلیمان اور دیگر افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

کانفرنس کے آخر میں خاتم النبیینﷺ کی بارگاہ میں صلوٰۃ و سلام پیش کیا گیا اور عالم اسلام، فلسطین کے مسلمانوں، پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور حاضرین مجلس کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔

تازہ ترین خبروں کیلئے ہمیں گوگل نیوز پر فالو کریں

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button