نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرنے سے ہی دنیا و آخرت کی کامیابی مل سکتی ہے، مولانا سعید یوسف

لوٹن: مرکزی امیر جمعیت علماء اسلام آزاد کشمیر حضرت مولانا سعید یوسف نے کہا ہے کہ ہم سب کی دنیا اور آخرت کی کامیابیاں صرف اور صرف حضور پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے اسوۂ حسنہ پر عمل پیرا ہونے اور آپ ﷺ کی تعلیمات کے مطابق مکمل طور پر زندگی گزارنے سے ہی ممکن ہے۔
وہ لوٹن کے ایک مقامی ریستوران کے وسیع ہال میں برطانیہ کے ممتاز عالم دین اور جمعیت علما السلام برطانیہ لندن کے صدر مفتی خالد محمود اور چیئرمین علماء ومشائخ برطانیہ مولانا زبیر اکبر کی میزبانی میں منعقدہ عظیم الشان رحمت اللعالمین کانفرس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔
مولانا سعید یوسف جو پیر طریقت، رہبر شریعت، شیخ الحدیث کے ساتھ ساتھ نائب صدر وفاق المدارس پاکستان، ممبر بورڈ آف ڈائریکٹر انٹر نیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد اور صدر اتحاد تنظیمات دینیہ کشمیر بھی ہیں کے علم افروز خطاب کو سننے کے لیے برطانیہ بھر سے علماء ومشائخ لوٹن آئے تھے انہوں نے اپنے خوبصورت اور دلنشین با انداز میں جب سیرت نبی ﷺ کے مختلف پہلووں پر روشنی ڈالی تو کانفرس میں موجود حاضرین پر رقت طاری ہو گئی۔
کانفرنس سے لارڈ قربان حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علماء اور ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم اسلام کے سافٹ امیج کو پوری دنیا میں اجاگر کریں۔
ورکرز پارٹی برطانیہ کے رہنما ڈاکٹر یٰسین رحمٰن، مفتی مولانا عبدالحنان، مولانا زبیر اکبر، مفتی مولانا محمد اسلم، مولانا رضا الحق سہواقوی، قاری عبدالرشید رحمانی اور متعدد دیگر علماء نے بھی خطاب کیا کانفرس کی صدارت کے فرائض مفتی خالد محمود نے سر انجام دئیے۔
خصوصی شرکاء میں برطانیہ کے معروف خطیب امام عطاءاللہ خان جنرل سیکرٹری جمعیت علماء برطانیہ لندن، حضرت مولانا امداد الحسن نعمانی، برمنگھم، مولانا ابراہیم صاحب، مولانا طارق مسعود صدر کشمیر رابطہ کمیٹی برطانیہ، مولانا عمر نذیر، مولانا محمد ثاقب، حافظ راشد مولانا عاطف، سینئرنائب صدر تحریک کشمیر برطانیہ چوہدری محمد شریف، قاری علی ایوب، مولانا نعمان، مولانا احمد قاضی حافظ اکرام راچڈیل، ڈاکٹر محمد الیاس خان چیئرمین ڈاکٹرز فورم جمعیت علماء برطانیہ، مفتی حسن صاحب، مولانا نور الامیر مولانا عبدالمجید حمید گلاسگو،مولانا اسماعیل شاہ بولٹن، مولانا محمد قاسم مولانا آفتاب قاری اظہاربر منگھم، پروفیسر زاہد الحسینی، ڈپٹی جنرل سیکرٹری جمعیت علماء بر طانیہ لندن شامل تھے جبکہ پروگرام میں مقامی نمائندوں اور کثیر تعداد میں کمیونٹی نے شرکت کی۔
قاری نیاز احمد نے تلاوت قرآن پاک کی جبکہ مولانا زکریا نے نعت رسول مقبول پیش کی۔ پروگرام کے آخر میں مخدوم العلماء حضرت مولانا قاری عبد الرشید رحمانی صاحب نے تمام امت مسلمہ کے لیے دعا کرائی۔
تازہ ترین خبروں کیلئے ہمیں گوگل نیوز پر فالو کریں



