فواد چوہدری کیخلاف دینہ کی ہاؤسنگ سوسائٹی سے رشوت وصولی کیس کے چالان میں تاخیر پر اینٹی کرپشن انسپکٹر طلب

دینہ: اینٹی کرپشن راولپنڈی ڈویژن کی خصوصی عدالت کے جج علی نواز بھکر نے جہلم کی تحصیل دینہ کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے کروڑوں روپے مبینہ رشوت وصول کرنے کے مقدمہ میں ملوث سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے خلاف چالان پیش نہ ہونے پر سماعت مزید کارروائی کیلئے 4 ستمبر تک ملتوی کر دی ہے۔
عدالت نے چالان میں تاخیر پر اینٹی کرپشن کے سرکل افسر انسپکٹر ذوالفقار احمد کو آئندہ تاریخ پر طلب کر لیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ آئندہ تاریخ پر چالان سمیت عدالت میں پیش ہوں۔ گزشتہ روزسماعت کے موقع پرفواد چوہدری اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں موجود تھے۔
اس موقع پر اینٹی کرپشن کی جانب سے چالان پیش نہ کیا گیا جس پر عدالت نے اینٹی کرپشن حکام کو ہدایت کی کہ آئندہ تاریخ پر عدالت میں چالان پیش کیا جائے۔
یاد رہے کہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے گزشتہ سال 29 نومبر کو مقدمہ درج کیا تھا، سب انسپکٹر عبدالغفار بھٹی کی مدعیت میں درج مقدمہ میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری، اس کے کزن چوہدری فوق شیرباز کے علاوہ ضلع کونسل جہلم کے سابق ڈسٹرکٹ افسر پلاننگ اور سیکریٹری ڈسٹرکٹ پلاننگ اینڈ ڈیزائن کمیٹی جہلم کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کیلئے ہمیں گوگل نیوز پر فالو کریں



