ملک بھر کی طرح جہلم میں بھی جشن آزادی کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں

جہلم: ملک بھر کی طرح جہلم شہر میں بھی 78 ویں یوم آزادی 14 اگست قریب آتے ہی جشن آزادی کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں، پرائیویٹ اور سرکاری عمارتوں کو سجایا جائے گا۔ یوم آزادی کو بھر پور اور شایان شان طریقے سے منانے کیلئے سڑکوں گلیوں کے کناروں اور دکانوں کے باہر سبز و سفید رنگوں پر مشتمل قومی پرچم اور جھنڈیوں سمیت مختلف چیزوں کے سٹالز سجاد یئے گئے۔
جہلم شہرسمیت مضافاتی علاقوں کے شہری اپنے گھروں کو رنگ برنگی جھنڈیوں سے سجانا شروع کررکھا ہے، اس دوران بچے، بوڑھے، جوان اور خواتین خریداری میں مصروف دکھائی دیتی ہیں۔ 14 اگست کے حوالے سے خواتین کی جانب سے زیادہ رش دکھائی دیتا ہے ، جو بچوں کے لئے قومی پرچم سے مزین سوٹس، بیجز ، ٹوپیاں اور پرس خرید رہی ہیں۔
جہلم شہر کے مختلف مقامات ، تحصیل روڈ، شاندار چوک، چوک گنبد والی مسجد، جادہ چوک ، روہتاس روڈ چوک، محمدی چوک ، قبرستان چوک، ریلوے روڈ، مین بازار، نیابازار، کناری بازار سمیت بازار کالا گجراںمیں 14 اگست کے حوالے دکانداروں نے اسٹالز لگا رکھے ہیں جہاں گھروں اور گلی محلوں کو سبز پرچموں سے سجانے کے لئے بچے ، بڑے خریداری میں مصروف نظر آ رہے ہیں۔
تاجروں نے بھی وقتی طور یوم آزادی سے متعلقہ سجاوٹی چیزوں کا کاروبار شروع کر رکھا ہے۔ سٹالز پر قومی پرچموں کے رنگوں سے مزین کھلونے ، شرٹ ، بیجز ، سٹریکر زاور مختلف اشیاء سجا رکھی ہیں اور گاہکوں کو متوجہ کرنے کے لئے ملی ترانے بھی لگا رہے ہیں۔
تاجروں کے مطابق گزشتہ برس کی نسبت اس سال ان اشیاء کی خریداری کا رحجان کم ہے، البتہ 14 اگست قریب آنے پر اضافہ متوقع ہے۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کی وجہ سے جھنڈے مہنگے ہوچکے ہیں، شہریوں کا کہنا ہے کہ اس بار بھر پور طریقہ سے جشن آزادی منائیں گے، ملک سے محبت کا اظہار کریں گے۔
تازہ ترین خبروں کیلئے ہمیں گوگل نیوز پر فالو کریں



