آئیسکو سرکل جہلم کی سول لائن سب ڈویژن میں جنگل کاقانون نافذ، صارفین کے مسائل سے لاتعلقی کا اظہار

جہلم: آئیسکو سرکل جہلم کی سول لائن سب ڈویژن میں جنگل کاقانون نافذ، ایس ڈی او واپڈا سول لائن نے صارفین کے مسائل سے لاتعلقی اختیار کرلی، ایس ڈی او واپڈا کی کارکردگی سوالیہ نشان بن گئی، ایس ڈی او نے صارفین کے فون اٹینڈ کرنا بھی چھوڑ دیے، صارفین سراپا احتجاج ہیں۔
تفصیلات کے مطابق آئیسکو سرکل جہلم کی سول لائن سب ڈویژن کے علاقہ ضلع کچہری میں واقع سرکاری و نجی اداروں جن میں جہلم پریس کلب ،ایڈوائزر صوبائی محتسب پنجاب، سپورٹس کمپلیکس ،شفاخانہ حیوانات ،ڈائریکٹر لائیو سٹاک، جمنزیم ،جم خانہ سمیت مکینوں کو بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے سخت مشکلات کاسامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
مکینوں کا کہنا ہے کہ پچھلے 3 روز سے روزانہ کی بنیاد پر علی الصبح سے سہ پہر تک بجلی بند کردی جاتی ہے ایس ڈی او دفتر کاشکایت نمبر 0544270025اور ایس ڈی او سرکاری موبائل فون نمبر 03195990416 اٹینڈ کرنا اپنی توہین سمجھتے ہیں۔
صارفین کاکہنا ہے کہ ایس ڈی او نے صارفین کے مسائل سے مکمل لاتعلقی اختیار کررکھی ہے ایس ڈی او کی صارفین کے مسائل سے عدم دلچسپی کی وجہ سے سول لائن سب ڈویژن کے صارفین کو سخت مشکلات کا سامنا کرناپڑرہاہے۔
صارفین نے چیف انجینئر آئیسکو اسلام آباد اور ایس ای آئیسکو سرکل جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ ایس ڈی او سول لائن کو تبدیل کیاجائے تاکہ صارفین کے مسائل میں کمی واقع ہوسکے۔



