آئیسکو حکام کی بے حسی، کھیوڑہ کی واٹر سپلائی کا کنکشن منقطع کردیا، علاقہ مکین پانی کی بوند بوند کو ترسنے لگے

پنڈدادنخان: آئیسکو حکام کی بے حسی، ضلع جہلم کے صنعتی شہر کھیوڑہ کی واٹر سپلائی کا کنکشن منقطع کردیا گیا، شہر کربلا کی منظر کشی کرنے لگا، شدید گرمی میں علاقہ مکین پانی کی بوند بوند کو ترسنے لگے، حکومت پنجاب واٹرسپلائی ٹیوب ویلز کو سولر سسٹم پر منتقل کرے، آئیسکو سرکل چکوال کی انتظامیہ نے بل کی عدم ادائیگی کی باعث ٹیوب ویلز کے بجلی کنکشن منقطع کردیئے، شہری سراپا احتجاج ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ضلع جہلم کے آبادی کے لحاظ سے دوسرے بڑے شہر کھیوڑہ کی واٹر سپلائی کا بجلی کا کنکشن منقطع کر دیا گیا، جون کے مہینے کی گرمی اور حبس کے باعث شہری پینے کے صاف پانی کی بوند بوند کو ترسنے لگے۔

اس حوالے سے جب آئیسکو آفس پنڈدادنخان رابطہ قائم کیا گیا تو متعلقہ ذمہ داران کا کہنا تھا کہ میونسپل کمیٹی کھیوڑہ نے بجلی کا بل ادا نہیں کیا جسکی وجہ سے بجلی کا کنکشن مجبوراً منقطع کرناپڑا۔

میونسپل کمیٹی کے ذمہ داران سے رابطہ کیا گیا تو انکا کہنا تھا کہ عید کی ڈیوٹیوں کی وجہ سے بل کی ادائیگی میں معمولی تاخیر ہوئی ہے جیسے ہی گرانٹ آئے گی، بل جمع کروا دیا جائے گا جس کے متعلق واپڈا حکام کو قبل از وقت آگاہ کردیاگیا تھااس کے باوجود کنکشن کاٹا گیا۔

اس سارے معاملہ کے حل کے لیے ایس ای چکوال سے متعدد بار رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن انہوں نے فون اٹینڈ نہیں کیا ،شدید گرمی کے موسم میں کھیوڑہ شہر اور ملحقہ آبادیوں کے رہائشی پینے کے پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں جبکہ متعلقہ حکام کی ہٹ دھرمی بجائے معاملہ حل کرنے کے نظریں چرارہے ہیں۔

شہریوں نے وزیراعلی پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ دونوں سرکاری محکموں کے معاملات خوش اسلوبی سے حل کروا ئے جائیں اور واٹر سپلائی ٹیوب ویل کے کنکشن بحال کروائے جائیں تاکہ شہریوں کوپیش آنے والی مشکلات کاخاتمہ ہوسکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button