بریڈ فورڈ میں تبدیلی کے لئے آزاد امیدواروں کو ووٹ دے کر کامیاب کرائیں، محمد علی اسلام، نگبی، واز شبیر، انوار فاطمہ

بریڈفورڈ: ڈسٹرکٹ بریڈفورڈ میں انتخابی مہم زور وشور سے جاری بڑی سیاسی جماعتوں سمیت آزاد امیدواربھی انتخابی مہم کے سلسلے میں متحرک ہیں۔

بریڈفورڈ ویسٹ سے آزاد امیدوار محمد علی اسلام نے اپنی انتخابی مہم کے دفتر کا افتتاح ایک جلسے سے کیا جس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے سیاسی جماعتوں اور ان کے نمائندوں کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔

ان کا کہنا تھا کہ آج بریڈفورڈ میں صحت ، بے روزگاری اور غربت کے مسائل کے ذمہ دار سیاسی جماعتوں کے یہ نمائندے ہیں جن پر لوگوں نے اعتماد کیا اور پارلیمنٹ میں بھیجا مگر انہوں نے عوام کے لیے کچھ نہیں کیا ۔ غزہ کے معاملے میں ان کا کردار مصلحتوں کا شکار رہا اگر انہیں فلسطین کے بچوں کی شہادتوں کا غم ہوتا تو وہ اپنی پارٹیوں کو خیر آباد کہہ کر پارٹی لیڈر کئیر سٹارمر کو واضح پیغام دیتے۔ آج بھی ان رہنماؤں میں ہمت نہیں کہ وہ پارٹی قیادت پر کھل کر تنقید کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ وقت آگیا کہ ان پارٹیوں کو جس طرح دو مئی کے بلدیاتی الیکشن میں سابق سکھایا اسی طرح چار جولائی کے عام انتخابات میں بھی مسترد کر دیں 20سالہ محمد علی اسلام کا کہنا تھا کہ بریڈفورڈ نوجوانوں کا شہر ہے نوجوان ہی ان کی نمائندگی کرے گا وہ منتخب ہو کر نوجوانوں کے مسائل حل کریں گے۔

انتخابی جلسے سے شپلی حلقے سے آزاد امیدوار نگبی ، کیتھلے کے آزاد امیدوار واز شبیر اور انوار فاطمہ نے خطاب کرتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی بریڈفورڈ میں تبدیلی کیلئے آزاد امیدواروں کوووٹ دے کر کامیاب کریں یہی آزاد امیدوار آپ کی حقیقی اور مضبوط آواز ہیں بریڈفورڈ ویسٹ سے لیبر پارٹی کی امیدوار ناز شاہ جو 2015سے اس حلقے سے ممبر پارلیمنٹ منتخب ہوتی چلی آ رہی ہیں گزشتہ انتخابات میں انہوں نے 29ہزار سے زائد کی اکثریت سے انتخاب میں کامیابی حاصل کی تھی اب بھی وہ میدان میں ہیں اور اپنی الیکشن مہم جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ نو سال سے زائد عرصہ میں عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے ہمیشہ پیش پیش رہی ہیں پارلیمنٹ میں وہ اپنے حلقے کی عوام کی ایک مضبوط آواز ہیں بریڈفورڈ ویسٹ سے گرین پارٹی کے امیدوار خالد محمود جو ان دنوں حج کی سعادت حاصل کرنے کے لیے حرمین شریف گئے ہوئے ہیں سوشل میڈیا کے ذریعے وہاں سے الیکشن مہم جاری رکھے ہوئے ہیں۔

بریڈفورڈ ویسٹ کے حلقے سے آزاد امیدوار عقیل حسین ،عمر غفور آزاد امیدوار، امداد الدین لبرل ڈیموکریٹ، جیمی ہنٹن وارڈ لے ریفارم یوکے ، مائیکل ڈیوڈ موکسن کنزرویٹو اور یونیسٹ پارٹی بھی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

ڈسٹرکٹ بریڈ فورڈ میں 2021کی مردم شماری کے مطابق کل آبادی پانچ لاکھ پچاس ہزار ہے جن میں 61اعشاریہ ایک فیصد سفید فام 25اعشاریہ پانچ فیصد پاکستانی ،2 اعشاریہ چھ فیصد ہندوستانی ،2اعشارہ تین فیصدد بنگلادیشی، دو اعشاریہ سات فیصد مخلوط اور دو فیصد سیاہ اور دیگر کمیونٹی آباد ہیں ڈسٹرکٹ بریڈفورڈ میں تقریباً 375,000 لوگ ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button