
جہلم: حکومت فیک نیوز کی آڑ میں اظہار کی آزادی کو سلب کرنا چاہتی ہے ، ہتک عزت کے قانون کی موجودگی میں پیکا قانون میں ہتک عزت کو قابل سزا جرم قرار دینے کی ضرورت نہیں ، صحافیوں کو ہمیشہ مشکل حالات کا سامنا رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار صدر الیکٹرانک میڈیا چوہدری عابد محمود نے جہلم پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے حوالے سے قوانین پہلے بھی موجود تھے ، لیکن اب ان میں مزید سختی کی جارہی ہے ، حکومت نئے قوانین بنا کر صحافیوں کو پابند کرنا چاہتی ہے ، صحافیوں کو کنٹرول کرنے کے لئے سرکاری اشتہارات بند کرنے کا حربہ ہر حکومت استعمال کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری اشتہارات کے بغیر کسی بھی اخبار کا شائع ہونا انتہائی مشکل کام ہے ، علاقائی صحافی بے شمار مسائل سے دوچار ہیں ، آج تک کسی بھی حکومت نے علاقائی صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے ، حکومت صحافیوں پر پابندیاں لگانے کی بجائے ان کی فلاح و بہبود کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے۔
اس موقع پر سید ناصر حسین شاہ ، چوہدری مہربان ، ڈاکٹر اعجاز احمد اعوان ، مرزا راحیل بیگ، خالق تنویر، چوہدری دانیال عابد، چوہدری ظفرنور،سید مظہرعباس، عبدالغفارآذاد، اسماعیل افتخار سمیت دیگر بھی موجود تھے۔