
جہلم: موجودہ حکومت اپنے پانچ سال پورے کرے گی اس کو کسی لانگ مارچ اور عدم اعتماد کا کوئی خطرہ نہیں۔
ان خیالات کا اظہار پی ٹی آئی کے رہنما رکن پنجاب اسمبلی چوہدری ظفر اقبال نے عبدالرحمن شوکت کے بیٹے کی دعوت ولیمہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نون عدم اعتماد اور لانگ مارچ کی صورت میں علیٰحدہ علیٰحدہ کھیل میں مصروف ہیں جبکہ مولانا فضل الرحمٰن اپنا کھیل کھیل رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بنیادی طور پر ان کا مقصد اپنے ادوار میں کی گئی کرپشن پر این آر او حا صل کرنا ہے۔ انہیں چاہیے کہ ملک کا لوٹا ہوا پیسہ واپس کریں اور سیاست کو سیاسی طریقے سے کھیلیں۔
انہوں نے کہا کہ جہلم میں ڈیڑھ ارب روپے کے تعمیراتی منصوبے مکمل کروایے جا رہے ہیں جن میں سڑکیں، وچلا بیلہ کا پل، ڈی ایچ کیو میں ٹراما سنٹر کے ساتھ ساتھ دیگر منصوبے شامل ہیں۔ جبکہ عوام کو ریلیف دینا ہماری حکومت کی ذمہ داری ہے جسے ہم پورا کر رہے ہیں۔