مہنگائی کے ستائے عوام کے لئے پریشانی مزید بڑھ گئی، مرغی کا گوشت 4 سنچریاں عبور کر گیا

جہلم: مہنگائی کے ستائے عوام کے لئے پریشانی مزید بڑھ گئی، مرغی کا گوشت 4 سنچریاں عبور کر گیا، مرغی کا گوشت غریب عوام کی پہنچ سے کوسوں میل دور، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس غائب، انتظامیہ نے چیک اینڈ بیلنس کے لئے ماہ رمضان کا انتخاب کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق روزمرہ کی اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ اب تو روز کا معمول بن چکا ہے، بڑھتی ہوئی مہنگائی کے پیش نظر غریب صارفین سخت مشکلات سے دوچار ہیں۔ بالخصوص مرغی کے گوشت میں اضافے نے صارفین کے اوسان خطا کر دیئے۔

مرغی کا گوشت جو کہ گزشتہ ہفتے 300 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت ہورہا تھا اچانک مرغی کا گوشت فروخت کرنے والے دکانداروں نے فی کلو گوشت میں 110 روپے کا اضافہ کرکے 410 روپے فی کلو فروخت کرنا شروع کر دیا ہے جو کہ غریب پسے ہوئے طبقے کے ساتھ ظلم و ناانصافی کے مترادف ہے۔

عوامی وسماجی حلقوں نے پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی کارکردگی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ نے چیک اینڈ بیلنس کے لئے ماہ رمضان کا انتخاب کررکھا ہے باقی گیارہ ماہ تاجروں کو صارفین کی چمڑیاں ادھیڑنے کے لئے دے دیئے جاتے ہیں۔

شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب، کمشنر راولپنڈی سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع جہلم میں نافذ جنگل کے قانون کے خاتمے کے لئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو متحرک کیا جائے تاکہ ضلع بھر میں قائم خود ساختہ مہنگائی کا خاتمہ ممکن ہو سکے ۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button