
جہلم: شہر سمیت ضلع بھرمیں غیرمعیاری قلفیوں کے استعمال سے بچے مختلف بیماریوں کا شکار ہونے لگے۔نزلہ، زکام ، بخار، گلے کی خرابی جیسی وباء پھیلنے لگیں۔
تفصیلات کے مطابق موسم گرما شروع ہوتے ہی شہر و گردونواح کے علاقوں میں غیر معیاری قلفیاں اور آئس کریم بنانے و فروخت کرنے والے میدان میں آگئے۔ شہر اور گردونواح کے علاقوں میں ناقص اور غیر معیاری قلفیاں اور آئس کریم کی فروخت عروج پر پہنچ گئی۔
گلی محلوں میں موٹر سائیکلوں اور ریڑھیوں پر قلفیوں کی فروخت جاری ہے جس کے استعمال سے دیہاتوں کے بچوں اور بوڑھوں میں موذی امراض پھیل رہے ہیں ،بچوں کے گلے خراب ہونے، نزلہ زکام کی شکایات بھی عام ہوگئیں ہیں۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ذمہ داران کی خاموشی بھی سوالیہ نشان بن چکی ہے۔
شہریوں نے شہر سمیت مضافاتی علاقوں میں ناقص و غیر معیاری قلفیاں فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں کرنے کا مطالبہ کیاہے تاکہ سادہ لوح شہری بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں ۔