
جہلم: موسم بہار شجر کاری مہم کے تحت پولیس لائن جہلم سمیت ضلع کے تمام پولیس اسٹیشنز میں محکمہ جنگلات کے زیر اہتمام پولیس پلانٹیشن ڈے کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔
پولیس لائن جہلم کی تقریب میں ڈی پی او طاہر الرحمٰن، ایس پی انوسٹی گیشن انعم فریال، ڈی ایس پی ٹریفک پولیس اکرم گوندل، ڈی ایس پی صدر محمد ابراہیم، ڈویژنل فاریسٹ آفیسر سدھیر احمد مغل، دفتر ڈپٹی سپرٹینڈنٹ آف پولیس سوہاوہ کی تقریب میں ڈی ایس پی چوہدری محمد نواز اور اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ قدسیہ ناز، پولیس اسٹیشنز دینہ، منگلا اور کھیوڑہ کی تقریبات میں ایس ایچ اوز، دفتر ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کی تقریب کے مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان ملک نور زمان اور ڈی ایس پی محمد نواز ورک نے شرکت کی۔
پولیس لائن جہلم میں خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رانا طاہر الرحمٰن نے کہا کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے اور ہماری آنے والی نسلوں کی میراث ہے۔ ماحولیاتی آلودگی کو روکنا انسانیت کی خدمت ہے، صاف ماحول کی فراہمی کے لیے ہم سب کو اپنی قومی ذمہ داری نبھانا ہو گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس لائنز میں پھل دار پودے لگائے جائیں گے اور اس کے ساتھ ساتھ تھانہ کی سطح پر بھی ماحول دوست پودے لگائے جائیں گے، شجر کاری مہم سے ماحول پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے جس سے گرمی کی شدت میں نمایاں کمی واقع ہو گی۔