
جہلم: بلدیاتی انتخابات کی آمد آمد، شہر کے متعددپوش علاقے بنیادی سہولیات سے محروم، پاکستان تحریک انصاف کے ووٹرز سپورٹرزممبر ان اسمبلی سے نالاں، بلدیاتی انتخابات میں ووٹ دینے یا نہ دینے کے لئے اہلیان علاقہ متحرک، ترقیاتی کاموں کے جھوٹے دعوؤں سے شہری تذبذب کا شکار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جہلم شہر کے پوش و گنجان آباد علاقوں جن میں نئی آبادی محلہ کریم پورہ، مجاہد آباد، قیصر آباد، روہتاس روڈ، چونترہ، کھرالہ، راٹھیاں، رشیدآباد، مخدوم آباد سمیت شہر کی دیگر آبادیاں سوئی گیس سمیت دیگر بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔
اہلیان علاقہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ آج کے ترقی یافتہ دور میں بھی شہر سے ملحقہ علاقے سوئی گیس، صاف پانی، سیوریج کی سہولت سے محروم ہیں، بیشتر علاقوں میں سیوریج اور سوئی گیس اور پانی کی سہولیات تو موجود ہیں لیکن سیاست دان اپنی سیاست کو چمکانے کی غرض سے اہلیان علاقہ تک سہولیات نہیں پہنچانا چاہتے ، جس کی وجہ سے شہریوں کو بے شمار مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
شہریوں نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان، وزیراعلیٰ پنجاب سمیت ذمہ داران سے کہا ہے کہ مذکورہ علاقوں میں سوئی گیس، سیوریج اور پانی کی سہولیات فراہم نہ کرنا عوام کش پالیسیوں کی نشانیاں ہیں۔
شہریوں نے کہا کہ انتخابات کے وقت عوامی نمائندے جھوٹے دعوے کر کے سادہ لوح عوام سے ووٹس حاصل کرتے ہیں اور منتخب ہونے کے بعد حلقہ کے عوام کے مسائل کو حل کروانے کے لئے کیے گئے بلند و بانگ دعوے بھلا دیتے ہیں۔
منتخب نمائندوں نے مذکورہ علاقوں کے رہائشیوں کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا رویہ اپنا رکھا ہے جس کی وجہ سے آج کے ترقی یافتہ دور میں شہر سے ملحقہ آبادیوں کے رہائشی پتھر کے زمانے کی زندگیاں گزارنے پر مجبور ہیں۔
علاقہ مکینوں نے کہا کہ آمدہ عام انتخابات کے موقع پرجانچ پڑتال کے بعد نمائندوں کو منتخب کریں گے جن نمائندوں میں شہریوں کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت نہیں ہوگی انہیں قریب بھی نہیں پھٹکنے دیا جائے گا۔