
جہلم: کالا گجراں پھاٹک کے قریب کار کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار جہلم پولیس کا کانسٹیبل شہید ہو گیا، پولیس نے کار ڈرائیور کو گجرات سے پکڑ لیا۔ شہید اہلکار کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق جہلم پولیس کا کانسٹیبل زین خالد کالا گجراں پولیس چوکی میں تعینات تھا جو علی الصبح پولیس چوکی سے موٹرسائیکل پر تھانہ صدر جا رہا تھا کہ کار نے ٹکر مار دی جس سے کانسٹیبل زین خالد زخمی ہو گیا جسے سول ہسپتال جہلم منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لا تے ہوئے شہید ہو گیا۔
حادثے کی وجہ بننے والی کار کے ڈرائیور نے رکنے کی بجائے موقع سے بھاگ نکلا، جہلم پولیس نے مسلسل پیچھا کرتے ہوئے گجرات کے قریب دو ملزمان کو قابوکرلیا۔
شہید کانسٹیبل زین خالد 2 سال قبل محکمہ پولیس میں بھرتی ہوا تھا اور جس جذبے اور شوق سے اس نے پولیس کا یونیفارم پہنا تھا، وردی سے کیا گیا وعدہ پورا کردیا اور جام شہادت نوش کرلیا۔
شہید کانسٹیبل زین خالد کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز ، انچارج چوکیات، ہیڈ کوارٹرز اور فیلڈ میں تعینات پولیس ودیگر سینئر پولیس افسران و اہلکاروں سمیت پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے نمائندگان اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی۔نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہید کانسٹیبل زین خالد کا جسد خاکی سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقہ ڈھوک جمعہ جہلم (علاقہ تھانہ سول لائن) روانہ کردیا گیا۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رانا طاہر الرحمٰن نے کہا کہ شہداء کی لازوال قربانیاں محکمہ کیلئے عزت و تکریم کا باعث ہیں۔شہید ہمارے محسن ہیں جن کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔دکھ کی اس گھڑی میں محکمہ پولیس کے افسران و اہلکار لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں۔