
جہلم: ٹریفک پولیس کی جانب سے بلند و بانگ اعلانات و دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ، کم عمر موٹر سائیکل سوار ، رکشہ ڈرائیوروں کے خلاف قانون پر عملدرآمد نہ ہو سکا ،شہریوں کا صورتحال پر تشویش کا اظہار، ڈی پی او جہلم سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق شہر سمیت ضلع بھر میں کم عمر اور ناتجربہ کار ڈرائیوروں کے خلاف مستقل بنیادوں پر چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے کیوجہ سے آئے روز حادثات رونما ہو رہے ہیں جس پرشہری، سماجی، رفاعی، فلاحی، مذہبی تنظیموں کے عمائدین نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بالخصوص کم عمر رکشہ ڈرائیوروں، موٹرسائیکل سواروں کی بھرمار کے باعث حادثات میں اضافہ اور جاری قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کے حوالے سے گھمبیر صورت اختیار کرتی جارہی ہے، ٹریفک پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے اجلاس بلاکر اعلانات اور دعوے کرنے کے بعد خاموشی اختیار ہو چکی ہے۔
اس ضمن میں جاری ایس اوپیز پر عملدرآمد نہیں کروایا جا رہا جس پر شہری، سماجی، رفاعی، فلاحی، مذہبی تنظیموں کے عمائدین نے ڈی پی او، ڈی ایس پی ٹریفک پولیس کو مربوط حکمت عملی اختیار کروانے کا مطالبہ کیاہے ۔