
جہلم: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں عوامی لانگ مارچ پاکستان کی تقدیر بدل دے گا، یہ لانگ مارچ حصولِ اقتدار کے لئے نہیں بلکہ پاکستان کی غیور عو ام کو مہنگائی، بیروزگاری، لاقانونیت سے چھٹکارہ دلانے کے لئے ہے۔
ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر چوہدری تسنیم ناصر اقبال نے جہلم پریس کلب کے نمائندہ وفد سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں پیپلزپارٹی کا ادنا ساکارکن ہوں مجھے پارٹی نے ضلع جہلم کا صدر بنا کر ضلع جہلم کے غیور باغیرت عوام اور پی پی پی کے کارکنوں کو عزت بخشی ، جس کیوجہ سے میں پارٹی کارکنوں اور قیادت کے درمیان پل کا کردار ادا کررہا ہوں ۔
انہوںنے کہا کہ ضلع جہلم کی عوام اپنے قائد کا بھرپور استقبال کریں گے ، شہر سمیت ضلع جہلم کی چاروں تحصیلوں سے ہزاروں کارکن اپنے قائد کا استقبال کرکے بتائیں گے کہ جہلم پاکستان پیپلز پارٹی کا گڑھ ہے۔ کارکنوں کا اتحاد و اتفاق ، پیار و محبت ہی ہماری طاقت ہے ، ہم عوامی طاقت سے پارٹی کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو ناکام بنا دیں گے۔
اس موقع پر مرزا ستار بیگ، مرزا آفتاب بیگ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔