
سوہاوہ: شجر کاری مہم تیزی سے جاری و ساری ہے، فوجی فاؤنڈیشن سکول سوہاوہ میں شجر کاری مہم کے تحت 50 پودے لگائے گئے اور سکول اور کالج کے بچوں نے شجر کاری مہم کے حوالے سے آگاہی واک کی اور پودے لگائے۔
اس موقع پر فوجی فاؤنڈیشن سکول و کالج کے ڈین کرنل امتیاز(ر) نے کہا کہ ہم نے سکول میں پھل دار اور پھول دار پودے لگائے ہیں جبکہ روڈ کنارے سایہ دار پودے لگائے ہیں اور تحصیل سوہاوہ کو سر سبز بنانا ہمارا نصب العین ہے ہم یہاں پر اپنے بچوں کو بھی اس شجر کاری مہم کے ذریعے یہی تعلیم دے رہے ہیں کہ ماحول کو آلودگی سے پاک کرنے میں درختوں کا نہایت ہی اہم کردار ہے۔
انہوں نے کہا کہ درختوں کی کٹائی کا تناسب نئے لگائے جانے والے پودوں کی نسبت انتہائی کم ہے اس تناسب کو برتری کی سطح پر لانے کے لیے ضروری ہے کہ ہر بندہ کم از کم پانچ پودے ضرور لگائے تاکہ جس تیزی سے ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہو رہا ہے اسے کم کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ جسطرح ہم نے اس شجر کاری کی مہم کو چلایا ہے اسی طرح باقی سکول بھی ہماری تقلید کریں تاکہ ہم سب مل کر اس تحصیل کو سر سبز و شاداب بنا سکیں۔