
جہلم: ایڈیشل ڈپٹی کمشنر/کنٹرولر سول ڈیفنس کی زیر ہدایت یوم شہری دفاع کو بھرپور طریقے سے منایا گیا اور مختلف پروگرامز کا انعقاد کیا گیا۔ شہر کے مختلف حصوں میں بینرز، پینافلکس آویزاں کیے گئے شہریوں میں تعارفی پمفلٹس تقسیم کیے گئے۔
ضلعی شہری دفاع کے زیر اہتمام ریلی کا انعقاد بھی کیا گیا، ریلی جہلم کی مختلف شاہراہوں سے ہوتے ہوئے گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی، ریلی کے اختتام پر کالج میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل جہلم مطاہر حیات وٹو، ایس پی انوسٹی گیشن انعم فریال،دیگر اعلی افسران کے علاوہ سول ڈیفنس کے اہلکاران و رضاکاران، کالج ہذا کی طالبات اور سول سوسائٹی نے بھرپور شرکت کی۔
سیمینار کے آغاز میں طالبات نے شہری دفاع کے حوالے سے عملی مظاہرے کیے۔انعم فریال نے طالبات کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی طالبات سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا اور مزید محنت کی تلقین کی پرنسپل گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین نے کالج کو درپیش مسائل بھی ضلعی انتظامیہ کے سامنے رکھے اور ان پر نظرثانی کی اپیل کی۔ جس پر مطاہر حیات وٹو نے تمام مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے مظاہرہ میں کارکردگی دکھانے والی طالبات کو سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان کیا اور انکی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنا وقت ضائع کرنے کی بجائے معاشرے کی بہتری کے لیے گزارنا چاہیے تاکہ ہمارا مستقبل ہمارے آج سے بہتر ہو سکے اور اختتام پر سول ڈیفنس عہدیداران میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کی گئی۔