
جہلم: وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات پر ہر ماہ کے پہلے دو دن ریونیو عوامی خدمت سروسز کے تحت کھلی کچہری لگانے کا سلسلہ جاری، اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر جہلم نعمان حفیظ کی زیر نگرانی تمام تحصیلوں میں ریونیو عوامی خدمت کچہری کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نعمان حفیظ نے تحصیل آفس دینہ اور اسسٹنٹ کمشنر جہلم ماریہ جاوید نے تحصیل آفس جہلم میں محکمہ مال سے متعلقہ شہریوں کے مسائل سنے اور میرٹ پر درخواستوں کے حل کے لیے ضروری احکامات جاری کیے۔ ریونیو عوامی کچہری میں محکمہ مال کے تمام افسران بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی اور تحصیل سطح پر ریونیو عوامی خدمت سروسز کے تحت لوگوں کے مسائل موقع پر حل کئے جا رہے ہیں، محکمہ مال عوامی خدمت میں پیش پیش ہے اور ریونیو عوامی خدمت کچہریوں کے انعقاد سے نہ صرف لوگوں کے مسائل حل ہورہے ہیں بلکہ ان کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوا ہے یہی وجہ ہے کہ کچہری کو دو دن لگا کر عوام کو ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریونیو عوامی خدمت کچہری کے دوران شہریوں کے درستگی ریکارڈ، فرد کے اجراء، انتقالات کے اندراج، رجسٹری، انکم سرٹیفکیٹ، ڈومیسائل کے اجرا سمیت محکمہ مال سے متعلقہ مسائل وشکایات کا جلد ازجلد حل اولین ترجیح ہے۔