ضلع جہلم میں مسلم لیگ ن کی تمام ٹکٹیں چوہدری خادم حسین دیں گے۔ چوہدری ندیم خادم

جہلم: چوہدری ندیم خادم نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں بھی ضلع جہلم میں مسلم لیگ ن کی تمام ٹکٹیں میرے والد محترم چوہدری خادم حسین دیں گے، میاں محمد نواز شریف نے ملاقات میں چوہدری خادم حسین سے وعدہ کیا ہے۔

سابق ایم پی اے چوہدری ندیم خادم نے جہلم میں منعقدہ نیزہ بازی کے مقابلے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز میرے والد محترم سابق ایم این اے چوہدری خادم حسین کی قائد میاں نواز شریف اور مریم نواز سے ملاقات ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چوہدری خادم حسین نے میاں محمد نواز شریف سے ملاقات کے دوران کچھ خدشات کا اظہار کیا جس پر میاں نواز شریف نے کہا کہ آپ بڑے بھائی ہیں پہلے کی طرح جہلم کی سیاست کے فیصلے آپ کی مرضی سے ہوں گے اور ٹکٹ بھی آپ کی مرضی سے ہوں گے اور میں امید کرتا ہوں کہ اچھے فیصلے کریں گے۔

چوہدری ندیم خادم نے کہا کہ میاں نواز شریف نے چوہدری خادم حسین کو کہا ہے کہ ضلع جہلم میں پہلے بھی آپ کی مرضی سے مسلم لیگ ن کے ٹکٹ دیئے تھے اور اب بھی آپ کی مرضی سے ضلع جہلم کے فیصلے ہوں گے۔

سابق ایم پی اے نے کہا کہ انشاء اللہ ہم اچھے فیصلے کریں گے، ہم سے کوئی برا فیصلہ نہیں ہو گا، اپنی ذات کی قربانی بھی دینا پڑی تو وہ بھی دیں گے اور سب کو ایک ٹیبل پر بٹھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال میں اپنے قائد میاں نواز شریف سے ملاقات کے لیے لندن گیا تو انہوں نے والد محترم چوہدری خادم حسین کا پوچھا تھا اور کہا تھا کہ انہیں کہیں کہ آ کر مجھے مل جائیں، میاں نواز شریف ہمارے دلوں کی دھڑکن ہیں ، انشاء اللہ بہت جلد میاں نواز شریف عوام میں ہوں گے اور آنے والا الیکشن میں مسلم لیگ (ن )ہی کلین سویپ کرے گی۔

نیزہ بازی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری ندیم خادم نے کہا کہ نیزہ بازی ہمارے علاقے کا کلچر ہے، ہماری ثقافت ہے، زندہ دل قومیں اپنی ثقافت کو زندہ رکھتی ہیں، میں سیاستدان کے ساتھ ساتھ ایک کھلاڑی بھی ہوں اور نیزہ بازی کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کو چاہئے کہ اپنے بچوں کا رجحان کھیل اور اپنی ثقافت کی طرف کریں، جب اپنی ثقافت سے پیار ہو گا تو اپنے ملک سے پیار مزید بڑھتا ہے، کھیل کے میدان آباد ہوں گے تو اچھے ذہن پیدا ہوں گے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button