
جہلم: عوامی فلاحی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے عوامی نمائندوں اور سرکاری افسران کا ڈسٹرکٹ کوآرڈینیش کمیٹی جہلم کا اجلاس ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری ظفر اقبال اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل مطاہر حیات وٹو کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر دینہ، سوہاوہ اور پنڈدادنخان سمیت تمام محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔
اجلاس میں کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام، سالانہ ترقیاتی پروگرام اور لوکل گورنمنٹ کی سکیموں پر اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، ضلع بھرکے میگا پراجیکٹس، واٹر مینجمنٹ، سمال ڈیمز، کالا گجراں پارک، الطاف پارک، کمپنی باغ کی بحالی سمیت سالانہ ترقیاتی منصوبوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
چوہدری ظفر اقبال نے کہا کہ سوہاوہ میں پانی کے مسائل حل کرنے کے لئے چھوٹے ڈیمز کی تعمیر جائے اس کے علاوہ الطاف پارک کی اپ گریڈیشن، ٹراماسنٹر کے کام میں موجود رکاوٹوں کا ترجیحی بنیادوں پر سدباب کیا جائے اور قلعہ نندنا پراجیکٹ ہائیکنگ ٹریک کے اطراف میں شجرکاری کی جائے اور مناسب پارکنگ کا بندوبست کیا جائے، پائپ لائن میں جو پراجیکٹس ہیں ان کو بروقت پایا تکمیل تک پہنچایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود اور انہیں بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، تمام محکمے مربوط حکمت عملی کے تحت عوامی خدمت کے لئے کام کریں۔ عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ بجلی، پانی، گیس، روڈ اینڈ انفراسٹرکچر کے مسائل ترجیحاتی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔
اجلاس کے اختتام پر ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری ظفر اقبال اور دیگر افسران نے موسم بہاراں شجرکاری مہم کے تحت ڈپٹی کمشنر آفس کے احاطے میں پودے لگائے اور مہم کی کامیابی کے لیے دعا کی۔