
پنڈدادنخان شہر میں گزشتہ کئی روز سے پانی کی فراہمی بند، شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے، انتظامیہ خاموش تماشائی، شہری سراپا احتجاج، واٹرسپلائی کی مین لائنوں سے بااثر افراد کو پانی کے غیرقانونی کمرشل کنکشن دینے کا انکشاف، پانی کی ترسیل کے موثر اقدامات کرتے ہوئے فوری غیر قانونی کنکشن ختم کروائے جائیں ،شہریوں کا مطالبہ
تفصیلات کے مطابق انتظامیہ کی بے حسی کے باعث کئی روز سے پنڈدادنخان شہر میں واٹر سپلائی اسکیم بند شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے، گزشتہ کئی روز سے پانی نہ ہونے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ مسلسل دس روز سے پانی کی بندش کی وجہ سے پینے کا پانی بھی نایاب ہو چکا ہے، واٹر سپلائی بندش کے باعث شہریوں کو پانی خریدنا پڑرہا ہے۔
باوثوق ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ انتظامیہ کی ملی بھگت کے باعث واٹر سپلائی کی پائپ لائینوں سے بااثر افراد نے کمرشل کنکشن لے رکھے ہیں اور مختلف مقامات پر بڑے واٹر پمپ لگا رکھے ہیں جس کے باعث پانی کی مناسب ترسیل ممکن نہ ہے۔
تحصیل بھر میں مختلف مقامات پر پانی کے مین وال ہول عرصہ دراز سے گندگی سے بھرے پڑے ہیں بروقت صفائی نہ ہونے کے باعث یہی گندہ پانی لوگوں کے گھروں میں جاتا ہے جبکہ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ٹرانسفارمر خراب ہے جو پچھلے دس روز بعد بھی ٹھیک نہ ہو سکا۔
شہر میں پانی کی قلت اور گندے پانی کی فراہمی پر وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین نے فی الفور نوٹس لیا جس پر انتظامیہ حرکت میں آئی۔