
جہلم: درودوسلام پڑھنے سے ایمان کو تقویت و تازگی ملتی ہے اور روحانی درجات میں بھی اضافہ ہوتاہے ، یہ ایسا بہترین عمل ہے کہ جو کہ خالق و مخلوق مل کر کرتے ہیں، ذکر مصطفی ؐ ایسا لجپال وظیفہ ہے جو ہر حال میں قبول ہی قبول ہے اور یہ ہمارے دکھوں کا مداوا اور غموں سے نجات کا بہترین ذریعہ ہے۔
ان خیالات کا اظہار شہر کی معروف سماجی و رفاعی شخصیت سید خلیل حسین کاظمی نے شب معراج کے حوالے سے صحافیوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نبی رحمتﷺ کی تعلیمات کل عالم انسانیت کے لئے مینارِ نور ہیں ، جن پر عمل پیرا ہو کر دنیاء و آخرت میں سرخروئی حاصل کی جاسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپ ﷺ نے پوری دنیاء کو امن و محبت اور اتحاد ویگانگت کادرس دیا، آپ ﷺ کی حیات مبارکہ ہم سب کے لئے مشعل راہ ہے ، آپ کا ہر عمل علم و حکمت سے لبریز ہے ، آج امت مسلمہ جن مسائل سے دوچار ہے اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ہم اپنے اسلاف کی تعلیمات چھوڑ کر غیروں کے طور طریقے اپنا رکھے ہیں ۔