
تحصیل پنڈدادنخان میں ناجائز منافع خوروں کی اندھیر نگری ،قصاب بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے لگے، پرائز کنٹرول کمیٹیا ں غیر فعال ہونے سے غریب خود ساختہ مہنگائی کی چکی میں پسنے لگے ،فرضی کارروائیوں میں برائے نام جرمانہ کرنے کی بجائے مستقل اقدامات کیے جائیں،شہریوں کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق تحصیل پنڈدادنخان میں ناجائز منافع خوروں نے اندھیر نگری مچا رکھی ہے جسکے کے باعث غریب عوام مزید مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ دکانداروں کی جانب سے سرکاری ریٹ لسٹیں آویزاں ہی نہیں کی جاتی جس کے باعث دکاندار حضرات ہر چیز کے من مانے ریٹ وصول کرتے ہیں جبکہ دوسری جانب انتظامیہ کی غفلت کے باعث تحصیل بھر کے قصابوں نے بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دوھونے شروع کیے ہوئے ہیں بڑا گوشت فی کلو 600 چھوٹا گوشت 1200 سے 1250 جبکہ چکن کے ریٹ ہردکاندار مختلف وصول کر رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ قصاب وزن میں بھی ہیرا پھیری کرتے ہیں مہنگائی کے اس دور غریب عوام جہاں دو وقت کی روٹی مشکل سے کما رہے ہیں وہیں پرائز کنٹرول کمیٹیاں غیر فعال ہونے کے باعث ناجائز منافع خوروں نے غریب عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا شروع کر رکھا ہے۔
شہریوں نے اعلیٰ حکام سے استدعا کرتے ہوئے کہا ہے کہ فرضی جرمانوں کی بجائے حکومت کی جانب سے مقرر کردہ ریٹ پر عملدرآمد کروانے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں۔