
جہلم: ڈویژنل فاریسٹ آفیسر سدھیر احمد مغل نے کہا کہ بہار کی شجرکاری مہم کے دوران ضلع بھر میں لاکھوں پودے لگائے جائیں گے، گزشتہ سال سے اب تک مختلف مقامات پر لاکھوں کی تعداد میں پودے لگا چکے ہیں۔ موسم بہار کی شجر کاری مہم کی افتتاحی تقریب کے موقع پر 1 ہزار سے زائد پودے لگائے گئے ۔
ڈی ایف او سدھیر احمد مغل نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں 1 ماہ کے اندر 13 لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے۔ بیشتر علاقوں میں کھلی سڑکوں اور راستے ہونے کیوجہ سے صرف وہیں پرپودے لگائے جا رہے ہیں۔
انہوںنے کہا کہ شجرکاری مہم کے لئے سکولوں ، کالجز اور سرکاری محکموں میں بھی بڑے پیمانے پر پودے لگائے جائیں گے جبکہ سڑکوں کے اطراف خالی جگہوں پر بھی پودے لگائے جارہے ہیں تاکہ ماحول کو آلودگی سے بچایا جائے ۔ شجرکاری کے دوران اس بات کا خیال رکھا جائے کہ پودے کے درمیان کم از کم4 فٹ کا فاصلہ ہو تاکہ بہتر انداز میں پودے پروان چڑھ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ درخت ماحول دوست ہوتے ہیں جو پرندوں کا بھی مسکن ہوتے ہیں ، ہمارے ماحول سے پرندوں تتلیوں اور شہد کی مکھیوں کے کم ہونے کی اصل وجہ ماحول دوست پودے نہ لگانا ہیں ، ہم نے مختلف مقامات سے پودے منگوا رکھے ہیں جو موسم اور ہمارے پرندوں اور تتلیوں سے مطابقت رکھتے ہیں جن کو محفوظ رکھنے اور حفاظت کے لئے توجہ محنت اور وقت کی ضرورت ہے ۔