
پڑی درویزہ: جھیک تا چھبر سیداں روڈ تعمیر نو کا منصوبہ سخت سست روی کا شکار ، چار ماہ سے منصوبہ جاری لیکن کوئی خاطر خواہ پیش رفت دکھائی نہیں دیتی ۔ رکشہ ، موٹر سائیکل سواروں اور دیگر پبلک ٹرانسپورٹ کے لئے مشکلات، عوامی سماجی حلقوں سے ایم این اے چوہدری فرخ الطاف اور دیگر متعلقہ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ ۔
تفصیلات کے مطابق نواحی علاقہ سوہاوہ چکوال روڈ سے متصل جھیک تا چھبر سیداں روڈ جو ایم این اے حلقہ این اے 66چوہدری فرخ الطاف کی خصوصی منظور کردہ 12کروڑ سے زائد کی گرانٹ سے زیر تعمیر ہے ۔
عوامی سماجی حلقوں کے مطابق سخت سست روی کا شکار ہے ۔منصوبے پر دسمبر 2021ء سے کام شروع ہے لیکن تاحال زیر تعمیر سڑک پر ایک مرتبہ بھی گریڈر مشین یا رولر سنجیدہ انداز میں پھیرا تک نہیں گیا تا کہ سڑک اتنی ہموار ہوجائے کہ رکشہ ، موٹر سائیکل سوار اور دیگر پبلک ٹرانسپورٹ کے مسافر آسانی سے سفر کر سکیں ۔
بارش کے دنوں میں تو سفر بالکل محال ہو جاتا ہے ۔ یاد رہے کہ یہ سڑک 9کلو میٹر تک طویل ہے اور اختتام نیلی پہاڑ کے اندروں تک ہے ۔ عوامی سماجی حلقوں نے یہ شکایت بھی کی ہے کہ متعلقہ تعمیراتی ٹھیکیدار نے شاید ایک مرتبہ بھی منصوبے کا دورہ تک نہیں کیا ہے اور نہ ہی منصوبے کے ورک آرڈر کی تفصیلات کے متعلق آگاہ کیا گیا ہے ۔
اطلاعات کے مطابق نو کلو میٹر سڑک کی تعمیر نو کے منصوبے میں پانی کے متاثرہ حصوں پر سیمنٹ سلیک کا پروگرام ہے لیکن کوئی کارکر دگی دکھائی نہیں دے رہی۔
علاقہ بھر کے معززین اور عوامی سماجی حلقوں نے ایم این اے ، دیگر متعلقہ حکام محکمہ شاہرات پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مذکورہ منصوبے کی سست روی کا نوٹس لیتے ہوئے تعمیراتی ٹھیکیدار کو منصوبے پر کام کی تیزی اور بہتری کی ہدایات دیں تا کہ روڈ پر سفر کرنے والی ٹرانسپورٹ کو آسانی ہو سکے ۔