ڈومیلی کے نواحی علاقہ میں بکریوں کا مقابلہ حسن کا انعقاد، پنجاب اور آزادکشمیر کے زمینداروں کی شرکت

ڈومیلی کے نواحی علاقہ میں بکریوں کا مقابلہ حسن کا انعقاد کیاگیا جس میں پنجاب اور کشمیر کے مختلف شہروں سے زمینداروں نے بکریاں نمائش کے لیے پیش کیں، کامیاب زمینداروں کونقد اور خوبصورت انعامات سے نوازاگیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈومیلی کے نواحی علاقہ سیری گھنیال میں تاریخ کے پہلے بکریوں کے ایک روزہ میلہ حسن کا انعقاد کیاگیا جس میں پنجاب کے مختلف شہروں سمیت آزادکشمیر سے150سے زائد زمینداروں نے اپنے خوبصورت اور وزنی بکرے اور بکریوں کیساتھ شرکت کی۔

خوبصورت اور صحتمند بکریوں نے واک ٹریک پر اپنے حسن کے جلوے دکھائے، حسین و جمیل اونچے قد والی بکریوں نے اٹکھیلیاں کرتے ہوئے شائقین سے سامنے سے گزر کا خوب داد وصول کی، میلے میں پوٹھواری نسل کی بیتل بکریاں سب کی توجہ کا مرکز رہیں۔

یہ خاص نسل کشمیر اور خطہ پوٹھوہار میں پائی جاتی یے جس کا لمبا قد اور جسم پر خوبصورت لمبے بال اس کی خوبصورتی کو چار چاند لگا دیتے ہیں یہ بکریاں پہاڑی علاقوں میں سب سے زیادہ پائی جاتی ہیں، مقابلہ حسن میں سب سے خوبصورت اور وزنی بکریوں کے مالکان کو نقدی اور خوبصورت شیلڈزکے انعامات سے نوازا گیا۔

لائیو سٹاک میں ترقی اور بکریوں کی افزائش کے لیے اس طرح کے میلے نہایت خوش آئند ہیں جس سے زمینداروں کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ خاص نسل کی بکریوں کی افزائش کا بھی رجحان بڑھے گا۔

اس میلہ کے مہمان خصوصی سابق چیئرمین یونین کونسل ڈومیلی، چوہدری عامرمیرپور اور ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ لائیوسٹاک محمدعرفان تھے۔ پہلی پوزیشن چوہدری مسعود ڈھوک وزیراں میرا نے حاصل کی۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button