
جہلم: ڈسٹرکٹ ویجیلنس کمیٹی کا اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل مطاہر حیات وٹو کی زیر صدارت ڈی سی آفس کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ جس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر ہمایوں، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات، ڈی او لیٹریسی میمونہ انجم و دیگر ضلعی افسران، بھٹہ مالکان ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور بھٹہ ورکرز یونین کے عہدیداران نے شرکت کی۔
اجلاس میں پچھلے مہینے کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا جس میں بھٹہ جات کے متعلق شکایات، بھٹہ خشت مزدوروں کی ویکسینیشن،کم از کم اجرت پر عملدرآمد، جبری مشقت، سوشل سیکورٹی کارڈز، صحت کارڈ کے اجراسمیت دیگر معاملات کا تفصیلات جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ جہلم میں مختلف این جی اوز کو بھی کمیٹی میں شامل کیا جائے،اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بھٹوں کی تعداد کو متعلقہ محکموں کے ساتھ موازنہ کریں، اس کے علاوہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات کو بھٹوں کو روزانہ کی بنیاد پر چیک کرنے کی ہدایت کی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ لیٹریسی ڈیپارٹمنٹ کے تحت قائم سکولوں کے کمروں اور واش رومز کی مرمت کا کام جلد مکمل کیا جائے ساتھ ہی ساتھ سکولوں کی لسٹ بنا کر جمع کروائی جائے تاکہ مزدوروں کے بچے تعلیم سے مستفید ہو سکیں۔ بھٹہ خشت مزدوروں کی ویکسینیشن جلد از جلد مکمل کرنے، بھٹہ مزدوروں کے حقوق کا مکمل تحفظ اور کم از کم اجرت کے قانون پر عملدرآمد کو یقینی بنانے، اس کے علاوہ انسانی اسمگلنگ اور چائلڈ لیبر کی روک تھام کے حوالے سے موثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔